درآمدات پرمال برداری وانشورنس اخراجات میں جاری مالی سال کے دوران اضافہ،برآمدی اخراجات میں کمی ہوئی،سٹیٹ بینک
درآمدات پرمال برداری وانشورنس اخراجات میں جاری مالی سال کے دوران اضافہ،برآمدی اخراجات میں کمی ہوئی،سٹیٹ بینک
اسلام آباد۔23اپریل (اے پی پی):ملکی درآمدات پرمال برداری اورانشورنس کے اخراجات میں جاری مالی سال کے دوران اضافہ جبکہ برآمدات پر ایسے اخراجات میں کمی ریکارڈکی گئی ۔سٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال کے پہلے 9ماہ میں درآمدات پرمال برداری اورانشورنس اخراجات کاحجم 1.351ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 1.02فیصدزیادہ ہے،گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں درآمدات پرمال برداری اورانشورنس اخراجات کاحجم 1.337ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔ مارچ میں درآمدات پرمال برداری اورانشورنس کے اخراجات کاحجم 133.80ملین ڈالررہا جوفروری میں 141.25ملین ڈالراورگزشتہ سال مارچ میں 143.93ملین ڈالرتھا۔مالی سال 2025میں ملکی درآمدات پرمال برداری اورانشورنس کے اخراجات کامجموعی حجم 1.807ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔
مالی سال کے پہلے9ماہ میں برآمدات پرمال برداری کے اخراجات کاحجم 629.69ملین ڈالررہا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 7.80فیصدکم ہے،گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں برآمدات پرمال برداری اورانشورنس کے اخراجات کاحجم 678.82ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔مارچ میں برآمدات پرمال برداری کے ضمن میں 63.68ملین ڈالرزرمبادلہ خرچ ہواجوفروری میں 63ملین ڈالر اورگزشتہ سال مارچ میں 59.14ملین ڈالرتھا۔مالی سال 2025میں برآمدات پرمال برداری کے مجموعی اخراجات کاحجم 856.58ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔









