دسویں نیشنل زیتون فیسٹیول 2025 کی تیاریاں مکمل ،تقریب 2 اور3نومبر کو علامہ اقبال پارک راولپنڈی میں ہو گی

راولپنڈی۔28اکتوبر (اے پی پی):دسویں نیشنل زیتون فیسٹیول 2025 کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ دو روزہ رنگا رنگ تقریب 2 اور 3 نومبر کو علامہ اقبال پارک، مری روڈ راولپنڈی میں منعقد ہو گی۔ فیسٹیول کا اہتمام پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) راولپنڈی نے اولیو فاؤنڈیشن کے اشتراک سے کیا ہے۔ ڈی جی پی ایچ اے راولپنڈی احمد حسن رانجھا نے کہا ہے کہ نیشنل زیتون فیسٹیول …

راولپنڈی۔28اکتوبر (اے پی پی):دسویں نیشنل زیتون فیسٹیول 2025 کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ دو روزہ رنگا رنگ تقریب 2 اور 3 نومبر کو علامہ اقبال پارک، مری روڈ راولپنڈی میں منعقد ہو گی۔ فیسٹیول کا اہتمام پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) راولپنڈی نے اولیو فاؤنڈیشن کے اشتراک سے کیا ہے۔ ڈی جی پی ایچ اے راولپنڈی احمد حسن رانجھا نے کہا ہے کہ نیشنل زیتون فیسٹیول پاکستان میں زیتون کی کاشت، ویلیو ایڈیشن، ایگرو بزنس کے فروغ اور پائیدار زراعت کے استحکام کے لیے ایک نمایاں قومی پلیٹ فارم کے طور پر جانا جاتا ہے۔ اس سال فیسٹیول کے دس برس مکمل ہونے کی خوشی میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا جا رہا ہے تاکہ ان کاشتکاروں، محققین اور کاروباری افراد کی خدمات کو سراہا جا سکے جنہوں نے پاکستان میں زیتون کے شعبے کو ترقی کی نئی بلندیوں تک پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ فیسٹیول میں زیتون اور دیگر زرعی مصنوعات کی نمائش، کاشتکاروں کے لیے آگاہی سیشنز، تکنیکی مظاہرے، گروئرز، پروسیسرز اور ایگرو انٹرپرینیورز کے اسٹالز لگائے جائیں گے۔ اس کے علاوہ تفریحی سرگرمیاں اور ثقافتی پروگرام بھی فیسٹیول کا حصہ ہوں گے۔ تقریب میں وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق، پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل (PARC)، صوبائی محکمہ زراعت اور نجی شعبے کے نمائندگان کے علاوہ بڑی تعداد میں کاشتکار، طلبہ اور شہری شرکت کریں گے۔ ڈی جی پی ایچ اے نے کہا کہ نیشنل زیتون فیسٹیول پاکستان کی پائیدار زراعت کی علامت بن چکا ہے۔ ہمارا مقصد باہمی تعاون کے ذریعے دیہی ترقی، خواتین کی بااختیاری اور نوجوانوں کی شمولیت کو فروغ دینا ہے تاکہ ملک کا زرعی مستقبل مزید مضبوط ہو۔

پی ایچ اے راولپنڈی نے عوام، طلبہ اور زراعت سے وابستہ تمام افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ اس منفرد فیسٹیول میں شرکت کر کے پاکستان کے ابھرتے ہوئے زیتون کلچر کا حصہ بنیں۔