ٹیچنگ ہسپتال لورالائی کے شعبہ کارڈیالوجی کے زیر اہتمام امراض قلب سے بچائو، ابتدائی علامات کی بروقت تشخیص اور فوری طبی امداد کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے آگاہی پروگرام منعقد ہوا جس میں ماہرین امراض قلب نے دل کے دورے کی علامات، احتیاطی تدابیر، صحت مند طرز زندگی اور بروقت علاج کی اہمیت کے حوالے سے شرکا کو تفصیلی آگاہی فراہم کی
دل سے متعلق علامات ظاہر ہونے کی صورت میں مستند طبی ماہرین سے رجوع کریں،ڈاکٹر عجب خان خروٹی

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 23 ستمبر (اے پی پی):ٹیچنگ ہسپتال لورالائی کے شعبہ کارڈیالوجی کے زیر اہتمام امراض قلب سے بچائو، ابتدائی علامات کی بروقت تشخیص اور فوری طبی امداد کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے آگاہی پروگرام منعقد ہوا جس میں ماہرین امراض قلب نے دل کے دورے کی علامات، احتیاطی تدابیر، صحت مند طرز زندگی اور بروقت علاج کی اہمیت کے حوالے سے شرکا کو تفصیلی آگاہی فراہم کی۔آگاہی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے لورالائی میڈیکل کالج کے شعبہ کارڈیالوجی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عجب خان خروٹی نے کہا کہ دل کے دورے کی صورت میں مریض کو بلا تاخیر قریبی طبی مرکز پہنچانا انتہائی ضروری ہے کیونکہ بروقت تشخیص اور مناسب طبی امداد سے پیچیدگیوں کے خطرات کو کم کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ دل سے متعلق علامات ظاہر ہونے کی صورت میں خود علاج یا تاخیر سے گریز کرتے ہوئے فوری طور پر مستند طبی ماہرین سے رجوع کریں۔انہوں نے کہا کہ سینے میں درد یا دبائو، سانس لینے میں دشواری، غیر معمولی پسینہ آنا، متلی، چکر آنا اور جسم میں غیر معمولی کمزوری جیسی علامات دل کے دورے کی ابتدائی علامات ہوسکتی ہیں جنہیں کسی صورت نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ ایسی علامات کی صورت میں فوری طبی امداد حاصل کرنا مریض کی زندگی بچانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے،ڈاکٹر عجب خان خروٹی نے کہا کہ امراض قلب سمیت مختلف بیماریوں سے بچائو کے لیے عوام میں صحت سے متعلق شعور اور آگاہی پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، ایسے آگاہی پروگرام عوام کو بیماریوں کی ابتدائی علامات پہچاننے، احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور بروقت طبی امداد حاصل کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ امراض قلب سے بچا ئو کے لیے صحت مند طرز زندگی اپنانا ناگزیر ہے۔ متوازن غذا کا استعمال، باقاعدہ ورزش، جسمانی سرگرمیوں کو معمول کا حصہ بنانا، تمباکو نوشی سے مکمل اجتناب، وزن کو متوازن رکھنا جبکہ بلڈ پریشر، شوگر اور کولیسٹرول کو کنٹرول میں رکھنا دل کے امراض کے خطرات کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ڈاکٹر عجب خان خروٹی نے کہا کہ امراض قلب اب صرف عمر رسیدہ افراد تک محدود نہیں رہے بلکہ نوجوانوں میں بھی دل سے متعلق مسائل سامنے آرہے ہیں، جس کے باعث صحت مند معمولات زندگی، احتیاطی تدابیر اور بروقت طبی معائنہ مزید اہمیت اختیار کرگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کو چاہیے کہ باقاعدگی سے طبی معائنہ کرائیں اور کسی بھی تشویشناک علامت کو نظر انداز نہ کریں۔انہوں نے ٹیچنگ ہسپتال لورالائی کے شعبہ کارڈیالوجی کی جانب سے عوامی آگاہی کے لیے منعقد کیے جانے والے پروگرام کو اہم اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ صحت کے شعبے میں آگاہی، بیماریوں سے بچا ئواور بروقت علاج کے حوالے سے مزید پروگراموں کا انعقاد وقت کی ضرورت ہے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر لورالائی ندیم اکرم، ماہرین امراض قلب، ڈاکٹرز، ہسپتال کے طبی و انتظامی عملے اور دیگر شرکا نے شرکت کی۔پروگرام کے دوران بتایا گیا کہ ٹیچنگ ہسپتال لورالائی کے شعبہ کارڈیالوجی میں امراض قلب کی تشخیص اور علاج کے لیے ماہر ڈاکٹرز کی خدمات دستیاب ہیں، جن میں ڈاکٹر زاہد اللہ داد، ڈاکٹر محمد اویس، ڈاکٹر عطا اللہ کبزئی، ڈاکٹر نجم الدین، ڈاکٹر عطا محمد ناصر اور ڈاکٹر عجب خان خروٹی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ امراض قلب سمیت مختلف بیماریوں سے بچا کے لیے عوام میں صحت سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیماری کی ابتدائی علامات سے آگاہی اور بروقت طبی امداد کے ذریعے پیچیدگیوں سے بچا ئوممکن ہے۔انہوں نے ٹیچنگ ہسپتال لورالائی کے شعبہ کارڈیالوجی کی جانب سے عوامی آگاہی کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات، احتیاطی تدابیر اور بروقت علاج سے متعلق مسلسل آگاہی فراہم کی جانی چاہیے۔پروگرام کے اختتام پر شرکا میں امراض قلب سے بچائو اور صحت مند طرز زندگی کے حوالے سے آگاہی مواد بھی تقسیم کیا گیا۔ اس موقع پر عوام پر زور دیا گیا کہ دل کی صحت برقرار رکھنے کے لیے صحت مند طرز زندگی اپنائیں، باقاعدگی سے طبی معائنہ کرائیں اور دل سے متعلق کسی بھی تشویشناک علامت کی صورت میں فوری طور پر مستند طبی ماہر سے رجوع کریں۔








