دکانداروں کے لیے آسان ٹیکس سکیم، سالانہ مال فروخت پر ایک فیصد ٹیکس عائد ہوگا، بلال اظہر کیانی

دکانداروں کے لیے آسان ٹیکس سکیم، سالانہ مال فروخت پر ایک فیصد ٹیکس عائد ہوگا، بلال اظہر کیانی

کراچی۔29اگست (اے پی پی):وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ دکانداروں اورتاجروں کی سہولت کے لیے متعارف کرائی گئی آسان ٹیکس سکیم کی ایپ آپریشنل ہو چکی ہے جس کے تحت دکاندار اپنے سالانہ مال فروخت پر صرف ایک فیصد ٹیکس ادا کریں گے جبکہ سکیم کے ذریعے ٹیکس نیٹ کو بھی وسیع کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےہفتہ کو کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تاجر اور صنعت کار برادری کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں کراچی، حیدرآباد اور سکھر کی تاجر و دکاندار تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔جہاں انہیں آسان ٹیکس سکیم اور اس کی ایپ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

وزیر مملکت نے کہا کہ آسان ٹیکس سکیم تاجروں اور دکانداروں کے مطالبے پر متعارف کرائی گئی ہے اور اس کا مقصد کاروباری برادری کے لیے ٹیکس نظام کو سہل بنانا ہے۔ سکیم کے لیے اردو زبان میں سادہ اور عام فہم فارم تیار کیا گیا ہے جسے دکاندار آن لائن بھی آسانی سے جمع کرا سکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سکیم کے تحت دکاندار کے سالانہ مال فروخت پر ایک فیصد ٹیکس عائد ہوگا، جبکہ سکیم میں شامل دکانداروں کے بلوں سے پہلے سے کاٹے جانے والے ٹیکس کو بھی ایڈجسٹ کیا جائے گا۔بلال اظہر کیانی نے کہا کہ سکیم میں رجسٹرڈ دکاندار کو ایف بی آر کی جانب سے سبز رنگ کی رجسٹریشن پلیٹ دی جائے گی۔

جس دکان کے باہر یہ پلیٹ نصب ہوگی، ایف بی آر کا عملہ معمول کی پوچھ گچھ کے لیے دکان میں داخل نہیں ہو سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ سکیم میں شامل دکاندار کا عمومی طور پر آڈٹ بھی نہیں ہوگا۔انہوں نے مزید بتایا کہ ریٹیلر سکیم میں شامل دکانداروں کو پوائنٹ آف سیل (پی او ایس) مشین لگانے اور ودہولڈنگ ایجنٹ بننے کی ضرورت نہیں ہوگی۔وزیر مملکت نے کہا کہ آسان ٹیکس سکیم کے حوالے سے ملک کے مختلف حصوں میں ایف بی آر اور تاجر نمائندوں کے فوکل پرسنز بھی مقرر کر دیے گئے ہیں تاکہ تاجروں کو درپیش مسائل کے حل اور سکیم سے متعلق رہنمائی فراہم کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر ایف بی آر کے اعلیٰ حکام ہر ماہ ایک ہفتہ کراچی میں موجود رہیں گے تاکہ کاروباری افراد کے مسائل موقع پر حل کیے جا سکیں۔ اس عمل کا آغاز اگست میں ہو چکا ہے اور مستقبل میں بھی جاری رہے گا، جبکہ ایف بی آر کا عملہ تاجروں کی شکایات کے ازالے کے لیے موقع پر موجود رہے گا۔بلال اظہر کیانی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے اس اقدام کا مقصد کاروباری برادری کے مسائل کو براہ راست سننا اور انہیں بروقت حل کرنا ہے۔اس موقع پر تاجر تنظیموں اور کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندوں نے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کی جانب سے کاروباری برادری کے ساتھ مسلسل رابطے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی کاوشوں کو سراہا۔