دھان کی باقیات کو آگ لگانے کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں، سید عاشق حسین کرمانی

وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے سول سیکرٹریٹ لاہور میں صوبہ پنجاب میں دھان و دیگر فصلوں کی باقیات جلانے کی روک تھام کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف کسانوں کو فصلوں کی باقیات جلانے سے روکا جا رہا ہے

لاہور۔4ستمبر (اے پی پی):وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے سول سیکرٹریٹ لاہور میں صوبہ پنجاب میں دھان و دیگر فصلوں کی باقیات جلانے کی روک تھام کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف کسانوں کو فصلوں کی باقیات جلانے سے روکا جا رہا ہے، خلاف ورزی پر جرمانے کیے جا رہے ہیں،نوٹسز اور تنبیہی مراسلے جاری کیے جا رہے ہیں جبکہ محکمہ زراعت پنجاب اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے عملی اقدامات بھی کر رہا ہے۔

ایف آئی آر کا اندراج اور گرفتاری آخری مرحلہ ہےتاہم محکمہ زراعت کی جانب سے کسانوں کو فصلوں کی باقیات تلف کرنے کے لیے متبادل سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔محکمہ زراعت پنجاب کی جانب سے سپر سیڈر،بیلرز اور ہارویسٹرز کی تعداد میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔تین سے پانچ سال قبل سپر سیڈرز کی تعداد تقریباً300 تھی،جو بڑھا کر 10 ہزار کر دی گئی ہے۔اسی طرح بیلرز کی تعداد چار، پانچ سے بڑھ کر تقریبا150 جبکہ ہارویسٹرز کی تعداد100 سے بڑھ کر تقریبا 450 ہو چکی ہے۔اجلاس میں سیکرٹری زراعت پنجاب شکیل احمد میاں نے خصوصی شرکت کی جبکہ دیگر افسران میں سپیشل سیکرٹری زراعت آغا نبیل اختر، ڈائریکٹر جنرلز زراعت توسیع چوہدری عبدالحمید، انفارمیشن نوید عصمت کاہلوں اور فیلڈ مشتاق میرنے شرکت کی جبکہ صوبہ بھر کے زراعت توسیع کے ڈویژنل ڈائریکٹرز اور ڈپٹی ڈائریکٹرز نے آن لائن شرکت کی۔وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ مزید دھان کی باقیات کو آگ لگانے کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔

دھان کی باقیات کو آگ لگانے کی روک تھام ایک چیلنجنگ ٹاسک ہے۔رواں برس سموگ کنٹرول مہم بھرپور انداز سے چلائی جائے گی۔ دھان کی باقیات کو آگ نہ لگانے کے حوالے سے انتباہی نوٹسز دیئے جا رہے ہیں اور کاشتکاروں کو دھان کی باقیات کوآگ لگانے سے روکا جا رہا ہے۔سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ سموگ کنٹرول آگاہی مہم کے لیے پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کا موثر استعمال کیا جائے گا اور دھان کی فصل کی کٹائی تک یہ مہم جاری رہے گی۔ گزشتہ برس دھان کی باقیات کو آگ لگانے کے واقعات میں70 فیصد کمی واقع ہوئی۔ اجلاس کے دوران سیکرٹری زراعت پنجاب شکیل احمد میاں نے کہا کہ محکمہ زراعت پنجاب کے تحت صوبائی اور ضلعی سطح پر فوکل پرسنز مقرر کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مہم کی کامیابی کے لیے ضلعی سطح پر انتظامیہ کے ساتھ روابط مضبوط بنائے جائیں۔