دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری کامیابیاں بے مثال ہیں جس کا دنیا بھر پور اعتراف کرتی ہے، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد۔3جون (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری کامیابیاں بے مثال ہیں جس کا دنیا بھر پور اعتراف کرتی ہے، پاکستان کی مسلح افواج امن، داخلی و خارجی سلامتی اور علاقائی استحکام کی ضامن ہیں ، عالمی امن کوششوں میں بھی اپنا کردار ادا کر رہی ہیں ۔ وہ کمانڈ اینڈ سٹا ف کالج کوئٹہ کے دورہ کے موقع پر خطاب کررہے تھے ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق وزیراعظم محمد شہبازشریف نے جمعہ کو کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ کیا اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کورس 2021/2022 میں شرکت کرنے والے افسران سے خطاب کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی مسلح افواج کی کامیابیوں اور قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری کامیابیاں بے مثال ہیں جس کا دنیا بھر پور اعتراف کرتی ہے۔ مسلح افواج نے قدرتی آفات کے دوران قوم کی خدمت میں ہمیشہ قابل تعریف کام کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج انتہائی اہم ریاستی ادارہ ہیں اور قوم کا فخر ہیں ۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ ملک کا دفاع مقدس ہے،پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور سالمیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری آزادی ہیروز اور شہدا کی عظیم قربانیوں کے مرہون منت ہے ۔