دہشت گردی کے ذریعے جمہوریت کی آواز دبانے کی کوششیں پیپلز پارٹی کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتیں، شازیہ مری کا سانحہ کارساز کے شہدا کو خراجِ عقیدت

دہشت گردی کے ذریعے جمہوریت کی آواز دبانے کی کوششیں پیپلز پارٹی کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتیں، شازیہ مری کا سانحہ کارساز کے شہدا کو خراجِ عقیدت

اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز (پی پی پی پی)کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے 18 اکتوبر سانحہ کارساز کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ کارساز جمہوریت، عوامی جدوجہد اور پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ کا ناقابلِ فراموش باب ہے،18 اکتوبر 2007 کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی وطن واپسی پر کراچی میں عوام کا سمندر امن، جمہوریت اور امید کا پیغام لے کر نکلا تھا۔

پی پی پی میڈیا سیل سے جاری بیان میں شازیہ مری نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے استقبال کے لیے جمع ہونے والے جیالوں کی خوشیاں دہشت گردی کے ایک المناک سانحے میں بدل گئیں،سانحہ کارساز میں جمہوریت کے متوالوں کے خون سے تاریخ رقم ہوئی، ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

سانحہ کارساز کے شہدا نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو سے اپنی بے مثال محبت، وفاداری اور عقیدت کی تاریخ رقم کی۔ شازیہ مری نے مزید کہا کہ جیالوں کی شہادتیں اس عہد کی گواہ ہیں کہ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوریت، عوامی حقوق اور آئین کی بالادستی کے لیے ہمیشہ ثابت قدم رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 18 اکتوبر کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ جمہوریت کی شمع روشن رکھنے کے لیے پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے عظیم قربانیاں دی ہیں،سانحہ کارساز کے شہدا کا لہو جمہوریت کی جدوجہد میں ہمیشہ مشعلِ راہ رہے گا۔

شازیہ مری نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو سے محبت اور پاکستان پیپلز پارٹی سے وفاداری جیالوں کی پہچان ہے،سانحہ کارساز کے شہدا نے اپنے لہو سے جمہوریت اور عوامی حاکمیت کی تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ذریعے جمہوریت کی آواز دبانے کی کوششیں پاکستان پیپلز پارٹی کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتیں۔

مرکزی ترجمان پی پی پی پی شازیہ مری نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور سانحہ کارساز کے شہدا کی قربانیاں ہمارے لیے عزم، حوصلے اور جدوجہد کا پیغام ہیں،پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالوں نے ہمیشہ جمہوریت کے لیے قربانیاں دیں اور آئندہ بھی عوام کے حقوق کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سانحہ کارساز کے تمام شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ سانحہ کارساز کے تمام شہدا کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔