دیہی معیشت کو مضبوط بنائے بغیر غذائی خودکفالت ممکن نہیں، شاہد عمران

فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ریجنل کمیٹی برائے خوراک کے کنوینر شاہد عمران نے کہا ہے کہ ملک کے غذائی تحفظ کا انحصار دیہی معیشت کی مضبوطی پر ہے، اس لیے حکومت کو دیہی علاقوں میں بنیادی سہولیات، انفراسٹرکچر اور زرعی شعبے کی ترقی پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔

لاہور۔2اگست (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ریجنل کمیٹی برائے خوراک کے کنوینر شاہد عمران نے کہا ہے کہ ملک کے غذائی تحفظ کا انحصار دیہی معیشت کی مضبوطی پر ہے، اس لیے حکومت کو دیہی علاقوں میں بنیادی سہولیات، انفراسٹرکچر اور زرعی شعبے کی ترقی پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔

اتوار کو یہاں کسانوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسانوں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی، معیاری بیج، سستی زرعی مداخل، موثر آبپاشی نظام اور بہتر منڈیوں تک رسائی فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ناکافی انفراسٹرکچر، مالی وسائل کی محدود دستیابی، فصلوں کے بعد ہونے والے نقصانات اور کمزور مارکیٹنگ نظام زرعی پیداوار میں اضافے کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں۔

شاہد عمران نے حکومت پر زور دیا کہ درآمدی خوراک پر انحصار کم کرنے کے لیے کسان دوست اور طویل المدتی زرعی پالیسیاں مرتب کی جائیں، جبکہ دیہی سڑکوں، گوداموں، کولڈ چین، زرعی تحقیق، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کو ترجیح دی جائے تاکہ غذائی خودکفالت، معاشی استحکام اور روزگار کے مواقع کو فروغ دیا جا سکے۔