راولپنڈی ،وزیر زراعت پنجاب کی زیر صدارت راولپنڈی میں گندم کی کاشت مہم کا جائزہ اجلاس

راولپنڈی۔ 27 اکتوبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر گندم کی کاشت کی جاری مہم کے سلسلے میں صوبائی وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے راولپنڈی ڈویژن کا دورہ کیا اور گندم کی کاشت کے امور کا جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں رکن قومی اسمبلی محترمہ طاہرہ اورنگزیب، سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو اور کمشنر راولپنڈی ڈویژن محمد عامر خٹک بھی شریک ہوئے۔وزیر زراعت …

راولپنڈی۔ 27 اکتوبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر گندم کی کاشت کی جاری مہم کے سلسلے میں صوبائی وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے راولپنڈی ڈویژن کا دورہ کیا اور گندم کی کاشت کے امور کا جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں رکن قومی اسمبلی محترمہ طاہرہ اورنگزیب، سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو اور کمشنر راولپنڈی ڈویژن محمد عامر خٹک بھی شریک ہوئے۔وزیر زراعت پنجاب نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے مشترکہ طور پر گندم پالیسی 2025-26 کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت آئندہ سیزن میں گندم کی خریداری 3500 روپے فی من کے حساب سے کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ 62 لاکھ میٹرک ٹن گندم کے سٹریٹجک ذخائر کی خریداری کی جائے گی تاکہ ملک میں فوڈ سیکورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔

سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ موجودہ حالات میں کاشتکاروں کے لیے گندم منافع بخش فصل بن چکی ہے اور عالمی منظرنامے کے ساتھ ساتھ ملکی سطح پر بھی گندم کی قیمتیں مستحکم ہو رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سیزن کے دوران پنجاب میں گندم کی کاشت کا ہدف ایک کروڑ پینسٹھ لاکھ ایکڑ مقرر کیا گیا ہے جبکہ راولپنڈی ڈویژن کے لیے ہدف پندرہ لاکھ تیس ہزار ایکڑ رکھا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مارکیٹوں میں تصدیق شدہ گندم کا بیج 5500 روپے فی بیگ کے حساب سے وافر مقدار میں دستیاب ہے جبکہ کھادیں بھی مقرر کردہ قیمتوں سے کم نرخوں پر میسر ہیں۔ انہوں نے کسانوں پر زور دیا کہ گھریلو استعمال کے لیے محفوظ شدہ بیج کی بجائے تصدیق شدہ (سرٹیفائیڈ) بیج ہی استعمال کریں تاکہ پیداوار میں اضافہ ممکن ہو سکے۔

اس موقع پر رکن قومی اسمبلی محترمہ طاہرہ اورنگزیب نے کہا کہ گندم ملکی فوڈ سیکورٹی کی ضامن اہم فصل ہے اور اس کی کل ملکی پیداوار میں پنجاب کا حصہ ستر فیصد سے زائد ہے۔سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے بتایا کہ خطہ پوٹھوہار میں 7 ارب روپے کی لاگت سے ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان پر عمل درآمد جاری ہے جس سے نہ صرف زرعی ترقی کو فروغ ملے گا بلکہ دیہی معیشت بھی مستحکم ہو گی۔کمشنر راولپنڈی محمد عامر خٹک نے کہا کہ ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ گندم کی کاشت کی مہم میں بھرپور عملی کردار ادا کر رہی ہے اور تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ مقررہ اہداف کا حصول یقینی بنایا جا سکے۔