راولپنڈی میں انسدادِ پولیو مہم، دوسرے روز کی کارکردگی کا جائزہ، مہم کے اہداف کے حصول کے لئے فیلڈ سرگرمیاں مزید مؤثر بنانے کی ہدایت

راولپنڈی میں انسدادِ پولیو مہم، دوسرے روز کی کارکردگی کا جائزہ، مہم کے اہداف کے حصول کے لئے فیلڈ سرگرمیاں مزید مؤثر بنانے کی ہدایت

راولپنڈی۔22ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے انسدادِ پولیو مہم کے دوسرے روز کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے پولیو کے قطرے پینے سے رہ جانے والے بچوں کی فوری کوریج، فیلڈ ٹیموں کی مؤثر مانیٹرنگ اور مہم کے مقررہ اہداف کے حصول کے لئے سرگرمیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز فضائل مدثر، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ احسان غنی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع کی تمام تحصیلوں میں جاری انسدادِ پولیو مہم کی پیشرفت، فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی، بچوں کی کوریج، رہ جانے والے بچوں اور مہم کے دوران سامنے آنے والے فیلڈ مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ مہم کے پہلے روز ضلع راولپنڈی میں مائیکرو پلان کے تحت 2 لاکھ 46 ہزار 594 گھرانوں میں سے 2 لاکھ 23 ہزار 690 گھرانوں کی کوریج کی گئی جس کے نتیجے میں مجموعی انتظامی ہاؤس ہولڈ کوریج 91 فیصد رہی۔رپورٹ کے مطابق پہلے روز رہ جانے والے بچوں میں سے 33 ہزار 400 بچوں کی اسی روز کوریج کی گئی جبکہ 24 ہزار 92 بچے تاحال رہ جانے والے بچوں کے طور پر ریکارڈ ہوئے۔

ان بچوں کی فوری کوریج کے لئے فیلڈ ٹیموں کی جانب سے کیچ اَپ سرگرمیاں بھی جاری رہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے گھر گھر پہنچانے کے ساتھ ساتھ سکولوں، سڑکوں، ٹرانزٹ پوائنٹس اور فکسڈ سائٹس پر بھی بچوں کو ویکسین پلائی جا رہی ہے۔ پہلے روز ان مختلف مقامات پر مجموعی طور پر 87 ہزار 80 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے ہدایت کی کہ مہم کے باقی ایام میں فیلڈ سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی مزید بہتر بنائی جائے اور پولیو سے بچائو کے قطرے پینے سے رہ جانے والے بچوں کی کوریج پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مقررہ اہداف کے حصول کے لئے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور مؤثر حکمت عملی کے تحت کام کریں۔انہوں نے فیلڈ میں موجود پولیو ٹیموں کی مسلسل مانیٹرنگ، مائیکرو پلان کے مطابق کوریج اور فیلڈ میں سامنے آنے والے مسائل کے فوری حل کی ہدایت بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ جہاں کوریج میں کمی یا کسی قسم کی رکاوٹ سامنے آئے، وہاں فوری طور پر ضروری اقدامات کئے جائیں۔

اجلاس میں مہم کے دوران سامنے آنے والے زیرو ڈوز بچوں اور دیگر اہم فیلڈ رپورٹس کا بھی جائزہ لیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق پہلے روز ضلع راولپنڈی میں 883 زیرو ڈوز بچے رپورٹ ہوئے جبکہ 4 بچوں میں کمزوری (AFP) کی نشاندہی ہوئی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے ہر بچے تک رسائی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ رہ جانے والے بچوں کی نشاندہی کے بعد ان کی ویکسینیشن کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور مہم کے اختتام تک تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے کوریج کو مزید مؤثر بنایا جائے۔اجلاس میں مہم کے دوران مانیٹرنگ اور انٹیگریٹڈ کوریج مانیٹرنگ کی صورتحال سے بھی ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق پہلے روز ڈسٹرکٹ ہیلتھ مانیٹرنگ ٹیموں نے 27 یونین کونسلز میں 40 کلسٹرز کی مانیٹرنگ کی، جبکہ مجموعی ری کال ویکسینیشن کوریج 92.42 فیصد رہی۔کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے کہا کہ پولیو ایک قومی ذمہ داری ہے اور اس کے مکمل خاتمے کے لئے ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت، فیلڈ ٹیموں اور دیگر متعلقہ اداروں کو مربوط انداز میں اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہوں گی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ مہم کے ہر روز کی کارکردگی کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے سامنے آنے والی خامیوں کو فوری دور کیا جائے تاکہ کوئی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔اجلاس میں متعلقہ افسران نے یقین دہانی کرائی کہ مہم کے باقی ایام میں فیلڈ سرگرمیوں، ٹیموں کی مانیٹرنگ اور رہ جانے والے بچوں کی کوریج کو ترجیحی بنیادوں پر جاری رکھا جائے گا۔