راولپنڈی میں پہلی مرتبہ پولیس اینیمل ریسکیو سینٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے،سی پی او

211
راولپنڈی میں پہلی مرتبہ پولیس اینیمل ریسکیو سینٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے،سی پی او

راولپنڈی۔8جنوری (اے پی پی):سی پی او راولپنڈی سید خالدہمدانی نے کہا ہے کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے ویژن کے مطابق راولپنڈی میں پہلی مرتبہ پولیس اینیمل ریسکیو سینٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے،

پولیس اینیمل ریسکیو سینٹر کے قیام کا مقصد ظلم کا شکار جانوروں کا تحفظ ہے جہاں پر جانوروں کے لئے ابتدائی طبی امداد، علاج معالجہ اور دیکھ بھال کی سہولیات فراہم کی جائیں گی، سڑکوں، گلی محلے، گھروں اور جانوروں کی خرید و فروخت کے مقامات پر جانوروں پر کسی بھی قسم کے ظلم کی صورت میں کارروائی کی جائے گی۔پیر کو اپنے بیان میں سی پی اوسید خالدہمدانی کا کہناتھاکہ جانوروں کے علاج اور دیکھ بھال کے ساتھ ساتھ جانوروں پر ظلم کرنے میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جائے گی

، پولیس اینیمل ریسکیو سینٹر اے ایس پی ٹیکسلا کائنات اظہر خان کی زیرنگرانی کام کررہا ہے،ریسکیو سینٹر میں پولیس کے سب انسپکٹر ویٹرنری ڈاکٹر اور ٹیکنیشن فرائض سر انجام دیں گے، جانوروں کے علاج اور دیکھ بھال کے بہترین معیار کو یقینی بنانے کے لئے این جی اوز سے معاہدے بھی کئے گئے ہیں۔

سی پی اوسید خالد ہمدانی نے مزید کہاکہ شہری جانوروں پر کسی بھی قسم کے ظلم کی رپورٹ ہیلپ لائن 0519293081 پر کر سکیں گے، رپورٹ کرنے والے شہری کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا،شہری خصوصاً طلباء و طالبات پولیس اینیمل ریسکیو سینٹر کے ساتھ رضاکارانہ طور پر کام کرنے کے لئے رجسٹریشن کروا سکتے ہیں، شہری پولیس اینیمل ریسکیو سینٹر میں لائے جانے والے جانور علاج معالجہ کے بعد اڈاپٹ بھی کر سکیں گے۔