راولپنڈی میں 4 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے
راولپنڈی میں 4 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے

مزید خبریں
راولپنڈی۔23ستمبر (اے پی پی):پنجاب میں جاری انسدادِ پولیو مہم کے پہلے دو روز کے دوران راولپنڈی میں 4 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔انسدادِ پولیو مہم کے تیسرے روز بھی راولپنڈی میں پولیو ٹیموں کی جانب سے بچوں کی ویکسی نیشن کا سلسلہ جاری ہے جبکہ زیادہ نقل و حرکت والے علاقوں اور ٹرانزٹ پوائنٹس پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔انسدادِ پولیو پروگرام کے سربراہ خالد پرویز نے ہدایت کی ہے کہ پولیو ٹیمیں مائیکرو پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں اور کوئی بھی اہل بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرانزٹ پوائنٹس پر ایک بھی بچہ ویکسین سے محروم رہ جائے تو وہ خود بھی خطرے میں ہوتا ہے اور دوسرے بچوں کے لئے بھی خطرہ بن سکتا ہے۔ پولیو ٹیمیں زیادہ آمدورفت والے مقامات، مزارات اور دیگر حساس مقامات پر ویکسی نیشن مزید مؤثر بنائیں۔خالد پرویز نے ٹیموں کو ہدایت کی کہ بچوں کو قطرے پلانے سے قبل ویکسین مانیٹر اور ایکسپائری تاریخ لازمی چیک کی جائے جبکہ ویکسینیشن میں استعمال ہونے والے مارکرز کا معیار اور مناسب بفر اسٹاک بھی یقینی بنایا جائے۔







