راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی ) اور اے فائیو اسپورٹس اینڈ ایجوکیشن گروپ کے درمیان کھیلوں کے فروغ، نوجوانوں کی ترقی اور کمیونٹی ایمپیکٹ کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے
راولپنڈی چیمبر اور اے فائیو اسپورٹس کا نوجوانوں کی ترقی کیلئے اشتراک، ’’پروجیکٹ 500‘‘ کا اعلان

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 29 ستمبر (اے پی پی):راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی ) اور اے فائیو اسپورٹس اینڈ ایجوکیشن گروپ کے درمیان کھیلوں کے فروغ، نوجوانوں کی ترقی اور کمیونٹی ایمپیکٹ کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔معاہدے کے تحت مشترکہ طور پر ’’پروجیکٹ 500 — 500 نوجوان، ایک سال، ایک موقع‘‘ شروع کیا جائے گا، جس کے ذریعے پسماندہ اور کم سہولیات رکھنے والی کمیونٹیز سے تعلق رکھنے والے 500 نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان میں اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے اور ترقی کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔پروجیکٹ 500 کا بنیادی محور فٹبال ہوگا، جس کے تحت نوجوانوں تک رسائی، فٹبال کلینکس، ٹرائلز اور تربیتی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ باصلاحیت کھلاڑیوں کو مزید ترقی کیلئے منظم اسپورٹس پاتھ ویز سے منسلک کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
مفاہمتی یادداشت کے تحت آر سی سی آئی راولپنڈی کی کاروباری برادری کو اس منصوبے سے جوڑنے میں کردار ادا کرے گا جبکہ اے فائیو اسپورٹس اینڈ ایجوکیشن گروپ پروگرام کی منصوبہ بندی، ترقی اور عملی نفاذ کی ذمہ داری سنبھالے گا۔منصوبے میں کالجز اور جامعات کے طلبہ کو بھی رضاکاروں کے طور پر شامل کیا جائے گا، جس کے ذریعے انہیں قیادت، کمیونٹی سروس اور عملی تجربے کے مواقع فراہم ہوں گے۔آر سی سی آئی اور اے فائیو اسپورٹس کے اشتراک کا مقصد کاروباری برادری، کھیلوں اور کمیونٹی کو ایک پلیٹ فارم پر لاکر نوجوانوں کیلئے بامعنی مواقع پیدا کرنا اور کھیلوں کے ذریعے ان کی صلاحیتوں کو آگے بڑھانے کیلئے عملی راستے فراہم کرنا ہے۔شراکت داری کے منتظمین کے مطابق نوجوانوں میں صلاحیت کی کمی نہیں، تاہم مواقع تک رسائی ایک اہم چیلنج ہے اور پروجیکٹ 500 کے ذریعے اسی خلا کو کم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔







