وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت راولپنڈی کے عوام کو جدید سہولیات سے مزین پارکس کا تحفہ دے رہی ہے، صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے پارکس اور کھیلوں کے میدان ناگزیر ہیں، خواتین اور بچوں کیلئے محفوظ تفریحی ماحول کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، حکومت راولپنڈی کے ہر حلقے اور یونین کونسل میں بنیادی سہولیات کی فراہمی …
راولپنڈی کے شہریوں کو جدید سہولیات سے آراستہ پارکس کا تحفہ دے رہے ہیں، حنیف عباسی

مزید خبریں
راولپنڈی۔20ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت راولپنڈی کے عوام کو جدید سہولیات سے مزین پارکس کا تحفہ دے رہی ہے، صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے پارکس اور کھیلوں کے میدان ناگزیر ہیں، خواتین اور بچوں کیلئے محفوظ تفریحی ماحول کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، حکومت راولپنڈی کے ہر حلقے اور یونین کونسل میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور شہر کی تعمیر و ترقی کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے علامہ اقبال پارک اور میلاد پارک کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے ایمرجنسی سروسز ضیاء اللہ شاہ، رکن صوبائی اسمبلی اسماء ناز عباسی اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ محمد حنیف عباسی نے کہا کہ نئے پارکس میں شہریوں کو بہتر اور محفوظ تفریحی سہولیات میسر آئیں گی، سکیورٹی کیلئے کیمروں سمیت دیگر ضروری انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ خواتین اور بچوں کے تحفظ کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو تفریح، کھیل اور صحت مند سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا ایک بہتر معاشرے کی تشکیل کیلئے ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں گیس، پانی، بجلی اور سیوریج کے مسائل حل کئے جا رہے ہیں، 40 سے 50 سال پرانی پائپ لائنیں تبدیل کی جا رہی ہیں جبکہ گلیوں اور سڑکوں کی تعمیر و مرمت سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی توجہ سے راولپنڈی میں متعدد بڑے عوامی منصوبے مکمل کئے گئے ہیں اور کئی منصوبوں پر کام جاری ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت راولپنڈی کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے، شہریوں کو بہتر سفری، تفریحی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن اور محفوظ ملک ہے جس کا کریڈٹ پاک فوج کو جاتا ہے۔








