رحیم یارخان ،عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر واک ،ورکشاپ کا انعقاد اور پودے بھی لگائے گئے

عالمی یومِ ماحولیات (World Environment Day) کے موقع پر ریسکیو 1122 رحیم یار خان،ریڈزپاکستان اور محکمہ ماحولیات کے مشترکہ تعاون سے ایک آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا

رحیم یارخان 05 جون (اے پی پی):عالمی یومِ ماحولیات (World Environment Day) کے موقع پر ریسکیو 1122 رحیم یار خان،ریڈزپاکستان اور محکمہ ماحولیات کے مشترکہ تعاون سے ایک آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد عوام میں ماحولیاتی تحفظ، شجرکاری، صفائی ستھرائی اور ماحول دوست طرزِ زندگی کے فروغ کے حوالے سے شعور بیدار کرنا تھا۔ ریسکیو1122اسٹیشن پراس دن کے حوالے سے پودے لگائے گئے، آگہی ورکشاپ منعقدہوئی۔واک میں ریسکیو 1122 کے افسران و اہلکاروں، مختلف سرکاری محکموں کے نمائندگان، طلبہ، شہریوں، سماجی کارکنوں اور رضاکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ریڈز پاکستان کے پراجیکٹ کوآرڈینیٹر شفاقت سردار اور ورنن انتھونی اپنی سرٹس ٹیموں کے کثیرتعداد میں ورکرز کے ہمراہ شریک ہوئے۔ شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ماحولیات کے تحفظ اور شجرکاری کی اہمیت سے متعلق پیغامات درج تھے۔شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے، درخت لگانے اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے تاکہ ایک سرسبز، محفوظ اور صحت مند پاکستان کے خواب کو حقیقت میں بدلا جا سکے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر عادل الرحمٰن نے اپنے پیغام میں کہا کہ موسمیاتی تبدیلیاں اور ماحولیاتی آلودگی عصرِ حاضر کے بڑے چیلنجز ہیں جن سے نمٹنے کے لیے ہر شہری کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ درخت لگانا، پانی اور توانائی کے ضیاع سے بچنا اور صفائی کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ آنے والی نسلوں کو صاف، محفوظ اور صحت مند ماحول فراہم کیا ۔ایگزیکٹیوڈائریکٹرریڈزپاکستان شاہدسلیم کی سربراہی میں ریڈز پاکستان کے پراجیکٹ کوآرڈینیٹر شفاقت سردار نے کہا کہ ریڈز پاکستان، ریسکیو 1122 کے شانہ بشانہ ضلع بھر میں شجرکاری مہمات، ماحول دوست اقدامات اور عوامی آگاہی پروگرامز جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ رضاکاروں کی بھرپور شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ معاشرے میں ماحولیات کے تحفظ کے حوالے سے شعور تیزی سے فروغ پا رہا ہے اور مشترکہ کوششوں سے ایک بہتر اور سرسبز مستقبل کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔واک کے اختتام پر شرکاء نے ماحول دوست رویوں کے فروغ، شجرکاری کے تسلسل اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے عملی اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا

مزید خبریں