رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی اور چائنا پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے درمیان طبی تعلیم، تحقیق، طبی تربیت اور پیشہ ورانہ استعداد کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو گئے
رفاہ یونیورسٹی اور چائنا پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے درمیان طبی تعلیم و تحقیق کے فروغ کا معاہدہ طے پا گیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔2اکتوبر (اے پی پی):رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی اور چائنا پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے درمیان طبی تعلیم، تحقیق، طبی تربیت اور پیشہ ورانہ استعداد کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو گئے۔ مفاہمتی یادداشت پر رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے ڈپٹی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر یاور حیات خان اور چائنا پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (سی پی ایم اے)کے صدر ڈاکٹر محمد شہباز نے دستخط کیے۔ معاہدے کے تحت دونوں ادارے طبی تحقیق، عملی طبی تربیت، تعلیمی تبادلوں اور طلبہ و اساتذہ کی پیشہ ورانہ ترقی کے لیے مشترکہ اقدامات کریں گے۔ تعاون کے تحت رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی میں چائنا پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کا پاکستان چیپٹر بھی قائم کیا جائے گا جبکہ پروفیسر ڈاکٹر یاور حیات خان کو چیپٹر کا سربراہ اور ایسوسی ایشن کا جنرل سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے۔
اس شراکت داری کا مقصد چین کے ساتھ تعلیمی اور پیشہ ورانہ روابط کو فروغ دیتے ہوئے پاکستانی طلبہ، محققین اور طبی ماہرین کے لیے تحقیق، علم کے تبادلے اور عملی طبی تربیت کے مواقع میں اضافہ کرنا ہے۔ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 77ویں سالگرہ، پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ اور چائنا پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے پانچویں یوم تاسیس کے موقع پر منعقد ہوئی۔ یہ تعاون رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے چانسلر حسن محمد خان کے حالیہ سرکاری دورہ چین کے دوران قائم ہونے والے ادارہ جاتی روابط کا تسلسل ہے۔ تقریب میں طبی ماہرین، معزز شخصیات، اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔
دونوں اداروں کے درمیان یہ شراکت داری پاکستان اور چین کے درمیان طبی تعلیم، تحقیق اور شعبہ صحت میں استعداد کار بڑھانے کے لیے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگی۔








