روانڈا کے وزیر تجارت و صنعت پروڈنس سیباہیزی کا ایف پی سی سی آئی کا دورہ ، پاکستان اور روانڈا کے درمیان تجارت سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ کے مواقع کا جائزہ لیا گیا

اسلام آباد۔30جنوری (اے پی پی):روانڈا کے وزیر تجارت و صنعت پروڈنس سیباہیزی نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کا دورہ کیا اور صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ اور بزنس کمیونٹی سے ملاقات کی۔ایف پی سی سی آئی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں روانڈا کے نیشنل ایگریکلچرل ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ بورڈ کے سی ای او کلائوڈ …

اسلام آباد۔30جنوری (اے پی پی):روانڈا کے وزیر تجارت و صنعت پروڈنس سیباہیزی نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کا دورہ کیا اور صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ اور بزنس کمیونٹی سے ملاقات کی۔ایف پی سی سی آئی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں روانڈا کے نیشنل ایگریکلچرل ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ بورڈ کے سی ای او کلائوڈ بیزیمانا، ہائی کمشنر ہریریمانا فاتو، نائب صدر ایف پی سی سی آئی طارق جدون، چیئرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل اور دیگر بھی شریک تھے۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور روانڈا کے درمیان تجارت سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ کے مواقع کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ، اقتصادی تعاون کے نئے راستے تلاش کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روانڈا اور پاکستان کے درمیان تجارت کی موجودہ صورتحال دونوں ملکوں کی صلاحیتوں سے کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ روانڈا کے وزیر تجارت کا دورہ پاکستان دونوں ملکوں میں قریبی تعاون کے فروغ میں معاون ثابت ہو گا۔ عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع امکانات سے مشترکہ طور پر فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے، دونوں ممالک میں زرعی مصنوعات، ٹیکسٹائل، دواسازی، آئی ٹی، سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کی وسیع گنجائش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ روانڈا کی اعلیٰ معیار کی کافی، مسابقتی قیمتوں کا تعین اور جغرافیائی قربت اسے قدرتی برتری فراہم کرتی ہے۔

عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان سالانہ 3 ارب ڈالر کے قریب چائے درآمد کرتا ہے، روانڈا سے پاکستان کو چائے اور کافی برآمد کرنے کی وسیع گنجائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں میں کاروباری وفود کے تبادلوں، مشترکہ نمائشوں اور بی ٹو بی روابط کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

ملاقات میں روانڈا کے وزیر تجارت نے پاکستان کی صنعتی و برآمدی صلاحیت میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے روانڈا میں سرمایہ کاروں کو دستیاب سہولیات اور مراعات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ روانڈا پاکستانی سرمایہ کاروں کیلئے افریقی منڈیوں تک رسائی کا ایک اہم گیٹ وے ہے۔ وزیر تجارت پروڈنس سیباہیزی نے کہا کہ روانڈا پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور طویل المدتی شراکت داری کی بنیاد پر دوطرفہ تجارت کو متنوع بنانے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ روانڈا کافی فیسٹیول روانڈا کی پریمیئم کافی کو پاکستانی مارکیٹ میں متعارف کرانے کی ایک وسیع حکمت عملی کا حصہ ہے۔ روانڈا کے ہائی کمشنر ہریریمانہ فاتو نے بتایا کہ پاکستان اپنی ضرورت کی 45 فیصد چائے روانڈا سے درآمد کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روانڈا بزنس کونسل کا قیام دونون ممالک کے اقتصادی تعاون کیلئے ضروری ہے۔ انہوں نے صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ کو روانڈا کے دورے کی دعوت بھی دی۔ملاقات کے اختتام پر فریقین نے تجارت کے حجم میں اضافے اور نجی شعبے کے روابط کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

مزید خبریں