رواں مالی سال 27۔2026کے ابتدائی دو ماہ کے دوران پاکستان کی معیشت میں بہتری کے نمایاں رجحانات سامنے آئے ہیں جن میں بیرونی کھاتوں میں بہتری، صنعتی پیداوار میں اضافہ، ترسیلات زر اور برآمدات میں نمایاں نمو جبکہ کاروباری سرگرمیوں میں وسعت شامل ہے۔جاری اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران پاکستان کا کرنٹ اکائونٹ خسارہ نمایاں طور پر کم ہوا۔
رواں مالی سال کے ابتدائی دو ماہ میں پاکستانی معیشت میں بہتری کے نمایاں رجحانات

مزید خبریں
اسلام آباد۔18ستمبر (اے پی پی):رواں مالی سال 27۔2026کے ابتدائی دو ماہ کے دوران پاکستان کی معیشت میں بہتری کے نمایاں رجحانات سامنے آئے ہیں جن میں بیرونی کھاتوں میں بہتری، صنعتی پیداوار میں اضافہ، ترسیلات زر اور برآمدات میں نمایاں نمو جبکہ کاروباری سرگرمیوں میں وسعت شامل ہے۔جاری اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران پاکستان کا کرنٹ اکائونٹ خسارہ نمایاں طور پر کم ہوا۔
اگست میں کرنٹ اکائونٹ خسارہ سالانہ بنیاد پر 70 فیصد کمی کے بعد صرف 9 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہا جبکہ جولائی اور اگست کے مجموعی خسارے میں بھی 36 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔بیرونی کھاتوں میں بہتری کے ساتھ ملک کی بڑی صنعتوں کی پیداوار میں بھی نمایاں اضافہ ہوا۔ بڑی صنعتوں کی پیداوار میں سالانہ بنیاد پر 3 فیصد جبکہ ماہانہ بنیاد پر 9.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو صنعتی سرگرمیوں میں بہتری کی عکاسی کرتا ہے۔کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کا ایک اہم مظہر نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں نمایاں اضافہ بھی ہے۔
ملک میں نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں 45 فیصد اضافہ ہوا ہے جس کے بعد رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 12 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔رواں مالی سال کے ابتدائی دو ماہ کے دوران مجموعی طور پر 7.3 ارب ڈالر پاکستان پہنچے جبکہ ترسیلات زر میں سالانہ بنیاد پر 17 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اسی طرح خدمات کی برآمدات میں 29 فیصد، آئی ٹی برآمدات میں 17 فیصد جبکہ فری لانسرز کی آمدن میں 42 فیصد اضافہ ہوا جو ڈیجیٹل معیشت اور خدمات کے شعبے میں بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کو ظاہر کرتا ہے۔
معاشی اشاریوں میں یہ بہتری بیرونی کھاتوں کے استحکام، صنعتی سرگرمیوں میں اضافے، کاروباری شعبے کی توسیع اور برآمدی صلاحیت میں بہتری کے مجموعی رجحان کی عکاسی کرتی ہے۔








