رواں مالی سال کے دوران پٹرولیم لیوی کی مد میں 1,676 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریونیو بلال اظہر کیانی

رواں مالی سال کے دوران پٹرولیم لیوی کی مد میں 1,676 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریونیو بلال اظہر کیانی

اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے خزانہ و ریونیو بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران پٹرولیم لیوی کی مد میں 1,676 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ وزیراعظم کی جانب سے اعلان کردہ فیول سبسڈی سکیم کے تحت ایک کروڑ سے زائد موٹر سائیکل اور گاڑیوں کے صارفین کو ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔جمعہ کو سینیٹ میں وقفہ سوالات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پٹرولیم لیوی کی مد میں ماہانہ اوسط وصولیاں تقریباً سوا سو ارب روپے بنتی ہیں، تاہم پٹرولیم مصنوعات کی فروخت اور استعمال میں کمی بیشی کے باعث ماہانہ وصولیوں میں فرق آتا رہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی فیول سبسڈی سکیم کے تحت موٹر سائیکل سواروں کو ہر ہفتے 500 روپے کا مفت پٹرول فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ 800 سی سی یا اس سے کم انجن کی حامل گاڑیوں کو ہر 10 دن بعد 10 لیٹر پٹرول پر 1,000 روپے کی رعایت دی جا رہی ہے۔وزیر مملکت نے بتایا کہ انہوں نے اپنے حلقے میں 40 پٹرول پمپس کا دورہ کرکے خود صارفین کی رجسٹریشن کی اور انہیں پٹرول فراہم کیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسکیم پر عملی طور پر عمل درآمد جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں جاری جنگ کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر دباؤ صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ دیگر ممالک بھی اس سے متاثر ہو رہے ہیں۔ حکومت مشکل حالات میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے موٹر سائیکل سواروں، چنگ چی رکشہ ڈرائیوروں، لوڈر گاڑیوں اور چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو براہ راست سبسڈی فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی فراہمی میں کسی قسم کا تعطل پیدا نہ ہو اور عوام کو ایندھن کی بلاتعطل دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔

مزید خبریں