روسی وفد کا این ڈی ایم اے کے این ای او سی کا دورہ، آفات سے نمٹنے کی مشترکہ فرضی مشق کا انعقاد

ایک اعلیٰ سطحی روسی وفد نے این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز میں واقع نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر آفات اور ہنگامی حالات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لئے دونوں ممالک کے مابین مشترکہ فرضی مشق (سیمولیشن ایکسرسائز) کا انعقاد بھی کیا گیا

اسلام آباد۔22اکتوبر (اے پی پی):ایک اعلیٰ سطحی روسی وفد نے این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز میں واقع نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر آفات اور ہنگامی حالات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لئے دونوں ممالک کے مابین مشترکہ فرضی مشق (سیمولیشن ایکسرسائز) کا انعقاد بھی کیا گیا۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے میڈیا ونگ کے مطابق مشترکہ مشق کے دوران ادارہ جاتی رابطہ کاری، بر وقت معلومات کے تبادلے اور مربوط ہنگامی ردعمل کے طریقہ کار کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ دورے کے دوران روسی وفد کو پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے، خطرات کے پیشگی تدارک اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی قومی صلاحیتوں پر جامع بریفنگ دی گئی۔ وفد کو این ای او سی میں بروئے کار لائی جانے والی جدید ٹیکنالوجی، ارلی وارننگ سسٹم اور آفات و خطرات کی بروقت تشخیص کے میکانزم سے آگاہ کیا گیا جس کی مدد سے پیشگی اقدامات اور مؤثر فیصلہ سازی ممکن ہو رہی ہے۔

روسی وفد نے بھی قدرتی آفات اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے روس میں رائج جدید نظام اور طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر پاکستان اور روس کے درمیان جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی، ہنگامی رابطہ کاری اور بہترین عملی تجربات کے باہمی تبادلے سمیت دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔روسی وفد نے این ڈی ایم اے کے جدید تشخیصی و انتظامی نظام اور آپریشنل صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور ایمرجنسی رسپانس کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون جاری رکھنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ این ڈی ایم اے نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ بین الاقوامی شراکت داری، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور فعال پیشگی نظام کے ذریعے قیمتی انسانی جانوں اور معاشی وسائل کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔