ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ وکوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز محکمہ زراعت (پلانٹ پروٹیکشن )سیالکوٹ ڈاکٹر مقصود احمدنے دھان کے کاشتکاروں کو فصل کو نقصان دہ کیڑوں سے بچانے کیلئے بروقت اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے کہاکہ روشنی کے پھندے نقصان دہ کیڑوں کو تلف کرنے کا ایک موثر طریقہ ہے۔
روشنی کے پھندے دھان کی فصل سے نقصان دہ کیڑوں کو تلف کرنے کا ایک موثر طریقہ ہے،ڈاکٹر مقصود احمد

مزید خبریں
سیالکوٹ۔10جولائی (اے پی پی):ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ وکوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز محکمہ زراعت (پلانٹ پروٹیکشن )سیالکوٹ ڈاکٹر مقصود احمدنے دھان کے کاشتکاروں کو فصل کو نقصان دہ کیڑوں سے بچانے کیلئے بروقت اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے کہاکہ روشنی کے پھندے نقصان دہ کیڑوں کو تلف کرنے کا ایک موثر طریقہ ہے۔”اے پی پی "سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ روشنی کے پھندے روشنی کی وجہ سے بالغ کیڑوں اور پروانوں کو اپنی طرف مائل کر تے ہیں۔ ان پروانوں کی مادائیں فصلوں میں انڈے دیتی ہیں جن سے سنڈیاں نکل کر فصل کو نقصان پہنچاتی ہیں اور ان کیڑوں کی تلفی کے لئے زہر پاشی کرنا پڑتی ہے۔روشنی کے پھندے میں لگے بلب سے جب پروانے ٹکراتے ہیں تو نیچے لگی بوتل میں گرتے ہیں اور پھر بوتل میں مو جود زہر کی وجہ سے یہ کیڑے مر جاتے ہیں۔ چونکہ مادائیں سینکڑوں کی تعداد میں انڈے دیتی ہیں۔اس لئے ہم مادہ کو تلف کر کے فصل میں کیڑوں کے حملے کی شدت کو کم کر سکتے ہیں جس سے خرچہ بھی کم ہو گا اور ماحولیاتی آلودگی بھی کم ہو گی۔ روشنی کے یہ پھندے دھان کی فصل میں نقصان دہ کیڑوں کو بڑے اچھے طریقے سے پروانوں کو اپنی طرف مال کر کے ان کو تلف کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حملہ آور کیڑوں میں سب سے زیادہ نقصان دہ کیڑے تنے کی سنڈی، پتہ لپیٹ سنڈی، ٹوکا اور سفید پشت والا تیلہ ہیں،تنے کی سنڈی زیادہ تر باسمتی اقسام پر حملہ آور ہوتی ہے جبکہ پتہ لپیٹ سنڈی اری اور باسمتی دونوں اقسام پر یکساں حملہ آورہو تی ہیں نیز سفید پشت والا تیلہ عموماً اری اقسام پر زیادہ حملہ آور ہوتاہے اسی طرح ٹوکا (گراس ہاپر)دھان کی پنیری اور فصل دونوں کو نقصان پہنچاتاہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کیڑوں کے انسداد کے لئے کھیتوں کے اندر اوراطراف میں اگی ہوئی جڑی بوٹیوں اور ان کیڑوں کو دستی جالوں سے پکڑ کر تلف کریں۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار پتوں پر انڈوں کی ڈھیریوں کو تلف کردیں اور رات کو روشنی کے پھندے لگائیں کیونکہ روشنی کے پھندے ان کیڑوں کے پروانوں کو تلف کرنے کا ایک موثر طریقہ ہے۔








