روشن ڈیجیٹل اکانٹس کے ذریعے سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری پر منافع کی بیرون ممالک منتقلی پر کوئی ٹیکس عائد نہیں ، ترجمان ایف بی آر

ترجمان فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے کہاہے کہ روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کے ذریعے پاکستان سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری اور سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والے منافع کی بیرون ممالک منتقلی پرکوئی ٹیکس عائد نہیں ہے

اسلام آباد۔24ستمبر (اے پی پی):ترجمان فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے کہا ہے کہ روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کے ذریعے پاکستان سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری اور سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والے منافع کی بیرون ممالک منتقلی پرکوئی ٹیکس عائد نہیں ہے۔جمعرات کوایف بی آر کے ترجمان نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر قانون کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکائونٹ رکھنے والے غیر مقیم پاکستانیوں کو روشن ڈیجیٹل اکائونٹ (آر ڈی اے) کے ذریعے کی جانے والی سرمایہ کاری کے لئے انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی ضرورت نہیں ہے اور ان پر نان فائلر کی شرح سے ٹیکس بھی عائد نہیں کیا جاتا۔ ترجمان ایف بی آر کے مطابق پاکستان سٹاک ایکسچینج سے حاصل ہونے والے کیپٹل گین اور ڈیویڈنڈز پر فائلر کی شرح سے ٹیکس کٹوتی کی جائے گی تاہم یہ شرط اس صورت میں لاگو ہوگی جب پاکستان سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری روشن ڈیجیٹل اکائونٹ سے حاصل ہونے والے منافع کی رقم سے کی گئی ہو۔ انہوں نے کہا کہ روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کے ذریعے اپنی رقم بیرون ممالک واپس منتقل کرنے پر کوئی ٹیکس عائد نہیں ہوتا۔ ترجمان نے واضح کیا کہ غیر مقیم پاکستانیوں کو انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ روشن ڈیجیٹل اکاونٹ سے حاصل ہونے والی آمدنی، یعنی قرض پر منافع ٹیکس سے مستثنیٰ ہے۔