اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کا چوتھا اجلاس پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) اسلام آباد کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت رکن قومی اسمبلی چیئرپرسن سیدہ نوشین افتخار نے کی۔اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا۔ بعد ازاں گزشتہ اجلاس کے منٹس کی منظوری دی گئی جس کے بعد گزشتہ اجلاس …
رکن قومی اسمبلی چیئرپرسن سیدہ نوشین افتخار کی زیر صدارت قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کی قائمہ کمیٹی اجلاس

مزید خبریں
اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کا چوتھا اجلاس پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) اسلام آباد کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت رکن قومی اسمبلی چیئرپرسن سیدہ نوشین افتخار نے کی۔اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا۔ بعد ازاں گزشتہ اجلاس کے منٹس کی منظوری دی گئی جس کے بعد گزشتہ اجلاس کی سفارشات پر عملدرآمد سے متعلق مفصل رپورٹ پر غور کیا گیا۔
علامہ اقبال کے اہلِخانہ کے انٹرویوز ریکارڈ کرکے انہیں کتابی شکل میں محفوظ کرنے کی سفارش کے حوالے سے سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن نے کمیٹی کو بتایا کہ اقبال اکیڈمی پاکستان پہلے ہی علامہ اقبال کے صاحبزادے اور صاحبزادی کے انٹرویوز ریکارڈ کر چکی ہے جو ان کی زندگی اور خدمات پر مبنی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یہ انٹرویوز جلد کتابی شکل میں مرتب کئے جا رہے ہیں۔ کمیٹی نے سفارش کی کہ یہ کتاب علامہ اقبال کی 150ویں سالگرہ سے قبل شائع کی جائے اور اس کا مواد سوشل میڈیا پر بھی شیئر کیا جائے۔
مزید یہ کہ ملک بھر کے سکولوں، کالجوں اور جامعات میں سال بھر علامہ اقبال کی 150ویں سالگرہ کے حوالے سے تقریبات منعقد کی جائیں تاکہ نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ شامل کیا جا سکے۔سیکرٹری نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ بین المذاہب ہم آہنگی اور ثقافتی فروغ کے لئے کوآرڈینیشن کمیٹی کی ٹرمز آف ریفرنس اور تشکیل جس میں وفاقی و صوبائی نمائندگان شامل ہوں گے ،تیار کر لی گئی ہے اور یہ دستاویزات قائمہ کمیٹی کی منظوری کے لئے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو بھجوائی جا چکی ہیں۔
کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ یہ دستاویزات سپیکر قومی اسمبلی کو منظوری اور ضروری کارروائی کے لئے ارسال کی جائیں۔آخر میں ڈائریکٹر جنرل پی این سی اے نے ادارے کے کاموں پر مفصل بریفنگ دی جس میں کورسز، ان کی مدت، دائرہ کار، داخلہ، قومی دنوں کی تقریبات، وی وی آئی پی وزٹس اور نوجوانوں کے لئے منعقد کی جانے والی ورکشاپس اور نمائشوں سے متعلق امور شامل تھے۔
کمیٹی نے سفارش کی کہ پی این سی اے اپنے ثقافتی پروگراموں خصوصاً بیرونِ ملک ہونے والی سرگرمیوں کو مزید مؤثر انداز میں اجاگر کرے۔ کمیٹی نے اپنا آئندہ اجلاس کراچی میں منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔اجلاس میں نتاشہ دولتانہ، سمر ہارون بلور، سعیدہ جمشید، شائستہ خان، مہتاب اکبر راشدی، صبا تالپور،نعیمہ کشور خان اور سنجے پروانی، اراکینِ قومی اسمبلی نے شرکت کی۔ قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کے سیکرٹری سمیت دیگر سینئر افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔








