رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ کامیر علی مراد خان تالپور کے انتقال پر افسوس کا اظہار

پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے میر علی مراد خان تالپور کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اسلام آباد۔6اکتوبر (اے پی پی):پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے میر علی مراد خان تالپور کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

منگل کو جاری بیان میں ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے میر مہدی رضا تالپور اور تمام اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میر علی مراد خان تالپور کا انتقال خیرپور کی تاریخ کے ایک اہم باب کا اختتام ہے۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ میر علی مراد خان تالپور نے خیرپور میں صنعت، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں اہم خدمات سرانجام دیں،ان کے دور میں مختلف صنعتی اداروں کے قیام اور روزگار کے مواقع کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ میر علی مراد خان تالپور نے خیرپور کو ایک فلاحی اور صنعتی ریاست بنانے میں اہم کردار ادا کیا،انہوں نے تعلیم کو عام کرنے اور بچوں کو مفت تعلیم کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی، خیرپور میں صحت کی سہولیات اور عوام کو مفت طبی امداد کی فراہمی ان کے دور کی نمایاں خدمات تھیں، اس دور میں ٹی بی جیسے خطرناک مرض کا مفت علاج کیا جاتا اور مریضوں کو وظیفہ بھی دیا جاتا تھا۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ میر علی مراد خان تالپور کی عوامی خدمت اور خیرپور کی ترقی کے لیے کاوشیں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند ، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا اور سوگوار خاندان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔