زبان محض ابلاغ کا ذریعہ نہیں بلکہ لوگوں، ثقافتوں اور قوموں کو قریب لانے کا موثر وسیلہ ہے، سفیر جمہوریہ کوریا

پاکستان میں جمہوریہ کوریا کے سفیر ہان سونگ ہو نے کہا ہے کہ زبان محض ابلاغ کا ذریعہ نہیں بلکہ لوگوں، ثقافتوں اور قوموں کو قریب لانے کا موثر وسیلہ ہے جبکہ کوریائی زبان کا فروغ پاکستان اور جمہوریہ کوریا کے درمیان ثقافتی ہم آہنگی اور عوامی روابط کو مزید مضبوط بنا سکتا ہے۔ وہ نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) میں شعبہ کوریائی زبان کے زیر اہتمام 580ویں یوم …

اسلام آباد۔12اکتوبر (اے پی پی):پاکستان میں جمہوریہ کوریا کے سفیر ہان سونگ ہو نے کہا ہے کہ زبان محض ابلاغ کا ذریعہ نہیں بلکہ لوگوں، ثقافتوں اور قوموں کو قریب لانے کا موثر وسیلہ ہے جبکہ کوریائی زبان کا فروغ پاکستان اور جمہوریہ کوریا کے درمیان ثقافتی ہم آہنگی اور عوامی روابط کو مزید مضبوط بنا سکتا ہے۔ وہ نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) میں شعبہ کوریائی زبان کے زیر اہتمام 580ویں یوم ہنگول کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں ریکٹر نمل میجر جنرل شاہد محمود کیانی (ریٹائرڈ)، ڈائریکٹر جنرل نمل بریگیڈیئر محمد رفیق خان، اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔

سفیر ہان سونگ ہو نے کوریائی زبان و ثقافت کے فروغ کے لیے نمل کی کوششوں کو سراہتے ہوئے مختلف مقابلوں میں کامیاب ہونے والے طلبہ کو مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ کسی دوسری زبان کو سیکھنے سے اس قوم کی ثقافت، روایات اور اقدار کو بہتر طور پر سمجھنے کا موقع ملتا ہے جو دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس موقع پر ریکٹر نمل میجر جنرل شاہد محمود کیانی نے کوریائی عوام کی اپنی زبان سے محبت اور یوم ہنگول کو بھرپور انداز میں منانے کے جذبے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی زبانوں کا سیکھنا تعلیمی و پیشہ ورانہ ترقی کے ساتھ ثقافتی تبادلے کے نئے مواقع بھی فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے باہمی افہام و تفہیم کے فروغ اور دوست ممالک کے ساتھ عوامی روابط مضبوط بنانے کے لیے نمل کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ زبان اور ثقافت کے ذریعے مسلسل رابطے پاکستان اور جمہوریہ کوریا کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ تقریب کے دوران مضمون نویسی اور خطاطی کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا جبکہ ثقافتی پرفارمنسز کے ذریعے کوریائی زبان اور ثقافت کے مختلف پہلوئوں کو اجاگر کیا گیا۔ تقریب کے اختتام پر مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے جبکہ کوریائی سفیر کو خیرسگالی کے اظہار کے طور پر یادگاری شیلڈ اور تحائف پیش کیے گئے۔