زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی اور لاکھوں افراد کے روزگار کا بنیادی ذریعہ ہے، سیف الرحمان

وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر سیف الرحمان نے زرعی شعبے کیلئے بجٹ میں نمایاں اضافے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی اور لاکھوں افراد کے روزگار کا بنیادی ذریعہ ہے

لاہور۔21جون (اے پی پی):وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر سیف الرحمان نے زرعی شعبے کیلئے بجٹ میں نمایاں اضافے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی اور لاکھوں افراد کے روزگار کا بنیادی ذریعہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں گروپ کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد اقبال جٹ کی قیادت میں پروگریسو کسانوں کے ایک وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ زیادہ سرمایہ کاری سے جدید زرعی تکنیکوں کا فروغ،پیداوار میں اضافہ،بعد از برداشت نقصانات میں کمی اور ملکی زرعی مصنوعات کی مسابقت بہتر بنائی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ زرعی شعبہ غذائی تحفظ، برآمدات، روزگار اور دیہی معیشت کے استحکام میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔سیف الرحمان نے کہا کہ معیاری بیج، سستی کھاد، جدید آبپاشی نظام، زرعی تحقیق اور کسانوں کی تربیت کے پروگراموں کو ترجیح دینا وقت کی ضرورت ہے۔وفد کے سربراہ گروپ کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد اقبال جٹ نے امید ظاہر کی کہ حکومت آئندہ بجٹ میں کسان دوست اقدامات متعارف کرا کر زرعی ترقی اور ملک میں طویل المدتی غذائی تحفظ کو یقینی بنائے گی۔