زراعت کے شعبوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کےلئے عملی اقدامات جاری ہیں،صوبائی وزیرلائیو سٹاک
زراعت کے شعبوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کےلئے عملی اقدامات جاری ہیں،صوبائی وزیرلائیو سٹاک

مزید خبریں
مظفرگڑھ۔ 11 ستمبر (اے پی پی):صوبائی وزیر لائیو سٹاک و ڈیری ڈیویلپمنٹ سید محمد عاشق حسین کرمانی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق لائیو اسٹاک اور زراعت کے شعبوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے، مویشیوں کو مہلک بیماریوں سے محفوظ بنانے اور لائیو اسٹاک مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی بڑھانے کے لیے حکومت پنجاب کے عملی اقدامات جاری ہیں۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق صوبائی وزیرِ لائیو اسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب سید محمد عاشق حسین کرمانی نے ان خیالات کا اطہار ضلع مظفرگڑھ کے علاقے رنگ پور میں واقع سیمسن ایگری فارمز کے دورہ کے دوران کیا۔انہوں نے فارم کو باقاعدہ طور پر ایف ایم ڈی فری زون (فٹ اینڈ ماؤتھ ڈیزیز فری کمپارٹمنٹ) قرار دے کر افتتاح کر دیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ، ایم پی اے اجمل خان چانڈیہ، ایم پی اے رانا منان، ایم پی اے عون ڈوگر، محکمہ لائیو اسٹاک کے اعلیٰ حکام، ضلعی انتظامیہ کے افسران اور فارم انتظامیہ کے نمائندگان موجود تھے۔
صوبائی وزیر سید محمد عاشق حسین نے سیمسن ایگری فارمز میں جدید بائیو سیکیورٹی سسٹمز، مویشیوں کی نگہداشت، بیماریوں سے بچاؤ کے اقدامات اور مقررہ معیارات کا تفصیلی معائنہ کیا اور ربن کاٹ کر ایف ایم ڈی فری کمپارٹمنٹ کا افتتاح کیا۔ فارم انتظامیہ کی جانب سے صوبائی وزیر اور دیگر مہمانوں کو فارم میں نافذ سخت بائیو سیکیورٹی پروٹوکول، جانوروں کی باقاعدہ ویکسینیشن، جدید ٹیگنگ، مانیٹرنگ اور بیماریوں کی روک تھام کے لیے اختیار کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق لائیو اسٹاک اور زراعت کے شعبے کی جدید بنیادوں پر استواری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
جانوروں کو منہ کھر جیسی مہلک اور متعدی بیماریوں سے محفوظ بنا کر بین الاقوامی معیار کے ڈزیز فری کمپارٹمنٹس قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ پاکستان کی لائیو اسٹاک مصنوعات اور معیاری گوشت کو عالمی منڈیوں، بالخصوص خلیجی ممالک اور یورپ تک برآمد کیا جا سکے اور قیمتی زرمبادلہ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ لائیو اسٹاک شعبے میں روزگار اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں۔








