زرعی شعبے کے لئے جدید اداروں ،یونیورسٹیزکا قیام ناگزیر ہے ، نجم مزاری

آرگینک زراعت اور مصنوعات پر ریسرچ کرنے والے نجی ادارے کے سربراہ نجم مزاری نے کہا ہے کہ زرعی شعبے کے لئے جدید اداروں اور یونیورسٹیوں کا قیام ناگزیر ہے۔

اسلام آباد۔27ستمبر (اے پی پی):آرگینک زراعت اور مصنوعات پر ریسرچ کرنے والے نجی ادارے کے سربراہ نجم مزاری نے کہا ہے کہ زرعی شعبے کے لئے جدید اداروں اور یونیورسٹیوں کا قیام ناگزیر ہے۔

اتوار کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ جدید زرعی تحقیق، ٹیکنالوجی اور ویلیو ایڈیشن کی کمی کے باعث پاکستان عالمی منڈی میں اپنی مصنوعات کی مسابقتی صلاحیت بہتر نہیں بنا سکا۔عالمی معیار اور رجحانات کے مطابق لاہور، کراچی اور اسلام آباد میں زرعی شعبے کے لئے جدید اداروں اور یونیورسٹیوں کا قیام ناگزیر ہے،

لاہور میں تحقیق، جدید ٹیکنالوجی، جدت اور کسانوں کی تربیت پر توجہ دینے والی ایگریکلچر یونیورسٹیزقائم کی جانی چاہیئں ،کراچی میں فوڈ پروسیسنگ، کولڈ چین، فشریز اور عالمی مارکیٹنگ سے متعلق ایگری انڈسٹری یونیورسٹی کی ضرورت ہے،اسلام آباد میں زرعی پالیسی، قومی منصوبہ بندی، سرمایہ کاری اور فوڈ سکیورٹی کےلئے خصوصی ایگری پالیسی یونیورسٹی قائم کی جائے۔

نجم مزاری نے کہا کہ جدید تحقیق سے پیداوار، ویلیو ایڈیشن سے برآمدات اور مضبوط کسان سے ملکی معیشت کو استحکام ملے گا۔انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ زرعی تحقیق، تعلیم، ویلیو ایڈیشن اور برآمدی انفراسٹرکچر کو قومی ترجیحات میں شامل کیا جائے۔