زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں گندم کی کٹائی کا آغاز ہو گیا۔ ڈائریکٹر فارمز کے زیر اہتمام افتتاحی تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ اس موقع پر ڈین ڈاکٹر شاہد محمود، ڈاکٹر انجم منیر، ڈاکٹر راؤ زاہد
زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں گندم کی کٹائی کا آغاز ہو گیا
فیصل آباد ۔ 24 اپریل (اے پی پی):زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں گندم کی کٹائی کا آغاز ہو گیا۔ ڈائریکٹر فارمز کے زیر اہتمام افتتاحی تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ اس موقع پر ڈین ڈاکٹر شاہد محمود، ڈاکٹر انجم منیر، ڈاکٹر راؤ زاہد، ڈائریکٹر فارمز ڈاکٹر محمد اسلم، ڈاکٹر ریاض احمد ورک، ڈاکٹر شوکت علی، ڈاکٹر ندیم اکبر و دیگر بھی موجود تھے۔ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں زیادہ قوت مدافعت اقسام کو روایت دینا ہو گا تاکہ غذائی استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی میں زیادہ پیداوار کے حامل اقسام متعارف کروائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیساکھی کا میلہ کاشتکاروں کی محنت اور مسرت کے لمحات سے لطف اندوز ہونے کے لئے سجایا جا تا ہے جو کہ ہمارے دیہی ثقافت کی آئینہ دار ہے۔
انہوں نے کاشتکاروں کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ہمارے محنتی کاشتکار بھائیوں کے لئے ٹیکنالوجی کو ان کی دسترس تک پہنچانا ہو گا تاکہ زراعت کو منافع بخش کاروبار بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی اور محکمہ زراعت توسیع کی جانب سے ہر سال گندم بڑھاؤ مہم کا آغاز کیا جاتا ہے جہاں گھر گھر، کھیت کھیت جا کر جدید ٹیکنالوجی سے آگاہ کیا جاتا ہے۔ ڈاکٹر محمد اسلم نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی کے مین اور سب کیمپسز میں ساڑھے سات سو ایکڑ پر گندم کاشت کی گئی ہے۔ اور یہاں پر جدید ٹیکنالوجی کی نمائش کے ساتھ ساتھ تحقیق و ٹرائل کے عوامل سے طلبہ کو بھی تربیت دی جا رہی ہے۔









