نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل سید علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ سائبر جرائم کی موثر روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا فروغ اور متاثرہ افراد کو بروقت نفسیاتی مدد کی فراہمی ادارے کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
سائبر جرائم کی موثر روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا فروغ اولین ترجیحات میں شامل ہے، ڈائریکٹر جنرل این سی سی آئی اے

مزید خبریں
اسلام آباد۔13اکتوبر (اے پی پی):نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل سید علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ سائبر جرائم کی موثر روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا فروغ اور متاثرہ افراد کو بروقت نفسیاتی مدد کی فراہمی ادارے کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے این سی سی آئی اے کی سافٹ ویئر ٹیم اور خواتین سٹریس کونسلرز کے ساتھ منعقدہ الگ الگ جائزہ اجلاسوں کے دوران کیا۔سافٹ ویئر ٹیم کے اجلاس میں سائبر کرائم انویسٹی گیشنز کو جدید ترین تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے تکنیکی ترقی، سسٹم میں بنیادی اصلاحات اور ڈیجیٹل استعداد کار میں اضافے پر غور کیا گیا۔ خواتین سٹریس کونسلرز کے اجلاس میں آن لائن ہراسانی، بلیک میلنگ اور سائبر استحصال کا شکار افراد کو جذباتی و نفسیاتی سہارا دینے کے طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا۔ ڈی جی این سی سی آئی اے نے واضح کیا کہ کونسلرز کا کردار متاثرین کے وقار اور خود اعتمادی کی بحالی میں کلیدی ہے جبکہ عملے کی فلاح و بہبود اور ’’وکٹم فرسٹ‘‘ حکمت عملی کو ادارے کے آپریشنز کا مستقل حصہ بنایا جا رہا ہے۔








