سائنسدانوں اور کاشتکاروں کے روابط پروان چڑھاکرزراعت میں جدت اورپیداوار میں اضافہ یقینی بنایا جا سکتا ہے،ڈاکٹر اقرار احمدخان

فیصل آباد ۔ 19 جنوری (اے پی پی):جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی مشرقی روایات اور زرعی ترقی کی امین تصور کی جاتی ہے جس میں کاشتکاروں کے ساتھ روابط استوار کرنے کےساتھ ساتھ دیہی ثقافت کو بھی اجاگر کرنے کیلئے میلہ جات اورمختلف پروگرامز کا انعقاد باقاعدگی سے کیا جا رہا ہے جبکہ جو قومیں اپنی روایات کو پس …

فیصل آباد ۔ 19 جنوری (اے پی پی):جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی مشرقی روایات اور زرعی ترقی کی امین تصور کی جاتی ہے جس میں کاشتکاروں کے ساتھ روابط استوار کرنے کےساتھ ساتھ دیہی ثقافت کو بھی اجاگر کرنے کیلئے میلہ جات اورمختلف پروگرامز کا انعقاد باقاعدگی سے کیا جا رہا ہے جبکہ جو قومیں اپنی روایات کو پس پشت ڈال دیتی ہیں وہ دنیا کے نقشے سے اپنا مقام کھو دیتی ہیں نیز سائنسدانوں اور کاشتکاروں کے مابین تعلقات کو پروان چڑھا کر زراعت میں جدت اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے حصول کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

زرعی ثقافت کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہماری دیہی ثقافت کو منفرد مقام حاصل ہونے کی وجہ سے دنیا کے کئی ممالک میں پذیرائی حاصل ہے۔انہوں نے بتایا کہ زرعی یونیورسٹی نے گزشتہ سال کاشتکاروں اور طلباکی استعدادکار میں اضافے کیلئے 6 سو سے زائد تربیتی ورکشاپس اور کاشتکاروں کی بیٹھکوں کا انعقاد کیا۔انہوں نے زرعی ثقافتی میلے کی تعریف کی اور منتظمین کی کاوشوں کو بےحد سراہا۔

ڈائریکٹر فارمز ڈاکٹر شاہد ابن ضمیر نے اس موقع پر کہا کہ اس میلے میں دیہی ثقافت کے مختلف رنگوں کو یکساں پیش کیا گیا تاکہ نوجوان نسل ہماری ثقافت کے حسین لمحات سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ اعلیٰ روایات کو معاشرے میں فروغ دے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی اس طرز کے میلہ جات کا انعقاد تسلسل سے کرواتی رہتی ہے تاکہ صحتمندانہ سرگرمیوں کو معاشرے میں رواج دیا جا سکے۔تقریب میں ڈاکٹر ہارون زمان، ڈاکٹر شوکت علی، ڈاکٹر انجم ضیا، ڈاکٹر عمیر، میڈم شہلا حماد، رانا شہزاد و دیگر بھی موجود تھے۔