سابق ایڈیشنل اٹارنی جنرل پاکستان رانا اسد اللہ خان وفاقی سروس ٹربیونل کے چیئرمین و رکن مقرر

سابق ایڈیشنل اٹارنی جنرل پاکستان رانا اسد اللہ خان کو وفاقی سروس ٹربیونل کا چیئرمین مقرر کر دیا گیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے رانا اسد اللہ خان کی بطور چیئرمین و رکن وفاقی سروس ٹربیونل تقرری کی منظوری دی

اسلام آباد۔8اکتوبر (اے پی پی):سابق ایڈیشنل اٹارنی جنرل پاکستان رانا اسد اللہ خان کو وفاقی سروس ٹربیونل کا چیئرمین مقرر کر دیا گیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے رانا اسد اللہ خان کی بطور چیئرمین و رکن وفاقی سروس ٹربیونل تقرری کی منظوری دی۔ دریں اثنا ء اپنی تقرری پر رانا اسد اللہ خان نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے ان پر کئے گئے اعتماد پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس اہم ذمہ داری کو آئین و قانون کے مطابق پوری دیانتداری، غیر جانبداری اور ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے اعتماد کا اظہار باعثِ اعزاز ہے اور اس اعتماد پر پورا اترنے کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائوں گا۔

رانا اسد اللہ خان نے کہا کہ وفاقی سروس ٹربیونل سرکاری ملازمین سے متعلق سروس معاملات میں انصاف کی فراہمی کا ایک اہم قانونی و انتظامی فورم ہے۔ وہ اپنی ذمہ داریوں کی انجام دہی میں قانون کی بالادستی، میرٹ اور انصاف کے اصولوں کو مقدم رکھیں گے۔ انہوں نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس ذمہ داری کو قومی خدمت کے جذبے کے ساتھ ادا کرتے ہوئے انصاف کی فراہمی اور قانون کی بالادستی کے لئے اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کریں گے۔