سانحہ کارساز ملکی تاریخ کا سیاہ دن ہے،شہدا کی قربانیاں اور غازیوں کی جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی،وزیراعلی امجد حسین

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے سانحہ کارساز کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت و تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 18 اکتوبر ملکی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے، جب شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی وطن واپسی کے موقع پر دہشت گردی کے ذریعے انہیں نشانہ بنانے کی بزدلانہ کوشش کی گئی۔اتوار کوسانحہ کارساز کے شہدا کی 19ویں برسی پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے …

اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے سانحہ کارساز کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت و تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 18 اکتوبر ملکی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے، جب شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی وطن واپسی کے موقع پر دہشت گردی کے ذریعے انہیں نشانہ بنانے کی بزدلانہ کوشش کی گئی۔اتوار کوسانحہ کارساز کے شہدا کی 19ویں برسی پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ اس المناک سانحے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالوں نے اپنی قائد کی حفاظت اورجمہوری جدوجہد کے لیے بے مثال قربانیاں دیں۔

شہداء نےاپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیاجبکہ غازیوں نے شدید زخموں اورمشکلات کے باوجود عزم و حوصلے کی مثال قائم کی۔سانحہ کارساز کے شہداء اور غازی پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ کا ناقابلِ فراموش حصہ ہیں۔ یہ وہ بہادر کارکن تھے جو اپنی قائد محترمہ بینظیر بھٹو کے استقبال کے لیے جمع ہوئے تھے لیکن دہشت گردی کی ایک بزدلانہ کارروائی نے خوشی کے اس موقع کو قومی سانحے میں تبدیل کر دیا۔انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں اور غازیوں کی استقامت اس بات کا ثبوت ہیں کہ پیپلز پارٹی کے کارکن جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوام کےحقوق کے لیے ہر قربانی دینے کا حوصلہ رکھتے ہیں،سانحہ کارساز کے شہداء کا لہو اور غازیوں کی جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی،ان قربانیوں نے جمہوری قوتوں کے عزم کو مزید مضبوط کیا اور یہ پیغام دیا کہ دہشت گردی، انتہاپسندی اور تشدد کے ذریعے عوام کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کی بحالی، پارلیمان کی مضبوطی، آئین کے تحفظ اور عوامی حقوق کی پاسداری کے لیے جدوجہد کی ہے اور یہ مشن آئندہ بھی جاری رہے گا،شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنی پوری سیاسی زندگی جمہوریت، عوامی حاکمیت، مساوات اور محروم طبقات کے حقوق کے لیے وقف کی، ان کی وطن واپسی جمہوری عمل کو مضبوط بنانے اور عوام کو سیاسی جدوجہد کے لیے متحرک کرنے کی ایک اہم کوشش تھی،سانحہ کارساز میں شہید ہونے والے کارکنوں نے اپنی جانوں کی قربانی دے کر تاریخ رقم کی جبکہ اس سانحے میں زخمی ہونے والے غازیوں کی ثابت قدمی اور حوصلہ بھی خراجِ تحسین کا مستحق ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف قومی اتحاد، برداشت، رواداری اور جمہوری اقدار کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے، سانحہ کارساز ہمیں یاد دلاتا ہے کہ جمہوریت کا راستہ قربانیوں اور آزمائشوں سے گزرتا ہے، لیکن عوامی جدوجہد اور ثابت قدمی سے ہی ایک مضبوط جمہوری معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے،پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکن دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کو اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے جیالوں نے ہر دور میں جمہوریت کا پرچم بلند رکھا اور عوام کے حقوق کے لیے قربانیاں دیں، شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو یاد رکھنا اور ان کے مشن کو آگے بڑھانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

وزیر اعلی امجد حسین نے سانحہ کارساز کے تمام شہداء کو سلامِ عقیدت پیش کرتے ہوئے غازیوں کی بہادری، استقامت اورقربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، پاکستان پیپلز پارٹی جمہوری اداروں کےاستحکام، آئین کے تحفظ، قانون کی حکمرانی اور عوام کے بنیادی حقوق کی پاسداری کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

مزید خبریں