ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ضلع بھر میں صفائی ستھرائی کا کام بھرپور طریقے سے جاری ہے ، ڈپٹی کمشنر شیخوپوره

156

شیخوپورہ ۔ 24 اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر شیخوپوره شاہد عمران مارتھ نے صفائی ستھرائی اور میونسپل کارپوریشن کے عملہ کی حاضری کا جائزہ لینے کیلئے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا ۔

اسسٹنٹ کمشنر بلاول علی ، سی او میونسپل کارپوریشن ملک محمد منشاء سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے ستھرا پنجاب مہم کے تحت شہر بھر میں صفائی ستھرائی کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئےصفائی ستھرائی میں مزید بہتری لانے کےلئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں ۔ ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ضلع بھر میں صفائی ستھرائی کا کام بھرپور طریقے سے جاری ہے ، ضلعی انتظامیہ عوام الناس کو بہترین میونسپل سروسز کی فراہمی کیلئے دن رات کوشاں ہے ۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت شہری و دیہی علاقوں کی صفائی ستھرائی، پارکس، گرین بیلٹس کی خوبصورتی کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں ، شہروں کی سڑکوں ، گلی محلوں اور دیگر عوامی مقامات کی صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کیلئے مانیٹرنگ کا عمل بھی جاری ہے