سرکاری ریونیو ریکارڈ میں درج انتقالات کو سچائی کا قانونی مفروضہ حاصل، ٹھوس شواہد کے بغیر چیلنج نہیں کیا جا سکتا، سپریم کورٹ

سپریم کورٹ نے قرار دیا ہے کہ سرکاری ریونیو ریکارڈ میں درج انتقالات اور دیگر اندراجات کو ویسٹ پاکستان لینڈ ریونیو ایکٹ 1967 کی دفعہ 52 کے تحت سچائی کا قانونی مفروضہ حاصل ہوتا ہے

اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):سپریم کورٹ نے قرار دیا ہے کہ سرکاری ریونیو ریکارڈ میں درج انتقالات اور دیگر اندراجات کو ویسٹ پاکستان لینڈ ریونیو ایکٹ 1967 کی دفعہ 52 کے تحت سچائی کا قانونی مفروضہ حاصل ہوتا ہے جسے صرف ٹھوس اور قابل اعتماد شواہد کے ذریعے ختم کیا جا سکتا ہے۔جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے بلوچستان میں اراضی ملکیت کے تنازع سے متعلق عبداللطیف وغیرہ کی سول پٹیشن خارج کرتے ہوئے اپیل کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔جسٹس عقیل احمد عباسی کی جانب سے تحریر کیے گئے تفصیلی فیصلے میں کہا گیا کہ مدعا علیہ عبدالجبار کے حق میں 30 اکتوبر 1998ء کو درج انتقال نمبر 448 کو درخواست گزاروں یا سابق مالک کے قانونی ورثا نے کبھی ریونیو حکام یا کسی عدالت میں چیلنج نہیں کیا۔عدالت نے قرار دیا کہ محض تحفہ (ہبہ) یا ریونیو ریکارڈ میں درج انتقال پر اعتراض کافی نہیں، بلکہ اسے چیلنج کرنے والے فریق کو فراڈ، جعلسازی یا ریکارڈ کی غلطی کے حوالے سے ٹھوس اور قابل اعتماد شواہد پیش کرنا ہوں گے۔

فیصلے کے مطابق عبدالجبار نے اپنے دعوائے ملکیت کے حق میں زبانی اور دستاویزی شواہد پیش کیے جبکہ پٹواری سمیت تین گواہوں کے بیانات بھی درخواست گزار تینوں عدالتوں میں موثر طور پر متزلزل نہیں کر سکے۔سپریم کورٹ نے کہا کہ انتقال نمبر 374 میں سابق مالک اکبر محمد کے نام اراضی درج تھی جس کے بعد انتقال نمبر 448 کے ذریعے عبدالجبار کے نام ملکیت منتقل ہوئی۔ یہ دونوں انتقالات طویل عرصے تک غیر متنازع رہے۔عدالت نے مزید قرار دیا کہ درخواست گزار اراضی پر اپنا حق، ملکیت یا قبضہ ثابت کرنے میں بھی ناکام رہے جبکہ تینوں ماتحت عدالتوں نے ریکارڈ پر موجود شواہد کی بنیاد پر بیک وقت نتائج اخذ کیے۔سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ بلوچستان ہائی کورٹ کے فیصلے میں کوئی قانونی یا حقائق کی خامی نہیں، لہٰذا بیک وقت دیئے گئے نتائج میں مداخلت کی کوئی وجہ نہیں بنتی۔عدالت نے عبداللطیف وغیرہ کی سول پٹیشن میرٹ سے عاری قرار دیتے ہوئے خارج کردی اور اپیل کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔

 

مزید خبریں