سرکاری ملازمین کو فوری اور سستا انصاف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، وفاقی وزیر قانون و انصاف

سرکاری ملازمین کو فوری اور سستا انصاف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، وفاقی وزیر قانون و انصاف

اسلام آباد۔9اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین کو فوری اور سستا انصاف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزارت قانون و انصاف فیڈرل سروس ٹربیونل کو بہتر انتظامی و مالی معاونت فراہم کرے گی تاکہ زیر التوا اپیلوں کے جلد اور شفاف فیصلوں کو یقینی بنایا جا سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نوتعینات چیئرمین فیڈرل سروس ٹربیونل رانا اسد اللہ خان سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفاقی وزیر قانون نے رانا اسد اللہ خان کو چیئرمین فیڈرل سروس ٹربیونل کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ملاقات میں فیڈرل سروس ٹربیونل کے انتظامی ڈھانچے اور کارکردگی کو مزید بہتر بنانے، سرکاری ملازمین کے سروس معاملات اور زیر التوا اپیلوں کے جلد اور شفاف فیصلوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ٹربیونل کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور ای کورٹس نظام کا دائرہ کار بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وفاقی وزیر قانون نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزارت قانون و انصاف فیڈرل سروس ٹربیونل کو درکار انتظامی اور مالی معاونت فراہم کرے گی تاکہ انصاف کی فراہمی کے عمل کو مزید موثر بنایا جا سکے۔

چیئرمین فیڈرل سروس ٹربیونل رانا اسد اللہ خان نے تعاون کی یقین دہانی پر وفاقی وزیر قانون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آئین و قانون کی بالادستی اور میرٹ پر مبنی فیصلوں کے لیے تمام صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ زیر التوا مقدمات کی جلد یکسوئی کے لیے ڈیجیٹل اپیل مینجمنٹ سسٹم کو مزید فعال بنایا جائے گا جس سے مقدمات کی موثر نگرانی اور فیصلوں کے عمل کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔