سرگودھا چیمبر میں وفاقی ٹیکس محتسب کے کردار پر آگاہی سیشن کا انعقاد

چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سرگودھا میں وفاقی ٹیکس محتسب کے کردار، فرائض اور تاجر برادری کو حاصل سہولیات کے حوالے سے آگاہی سیشن منعقد ہوا۔

سرگودھا ۔ 27 اپریل (اے پی پی):چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سرگودھا میں وفاقی ٹیکس محتسب کے کردار، فرائض اور تاجر برادری کو حاصل سہولیات کے حوالے سے آگاہی سیشن منعقد ہوا۔ تقریب کی صدارت صدر چیمبر آف کامرس خواجہ یاسر قیوم نے کی، جبکہ وفاقی ٹیکس محتسب سرگودھا کے ایڈوائزر شوکت محمود بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔ استقبالیہ خطاب میں صدر چیمبر خواجہ یاسر قیوم نے وفاقی ٹیکس محتسب کے ادارے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ٹیکس نظام میں شفافیت اور تاجروں کے مسائل کے بروقت حل کے لیے وفاقی ٹیکس محتسب کے ادارے کا کردار کلیدی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور ان کے انکم ٹیکس ، سیلز ٹیکس اور کسٹم متعلقہ شکایات کا فوری ازالہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے ممبران سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے کہا کہ وہ اپنی شکایات کے ازالہ کے سلسلےوفاقی ٹیکس محتسب سرگودھا سے رابطہ کریں۔

شوکت محمود ایڈوائزر وفاقی ٹیکس محتسب نے سیشن کے دوران شرکا کو وفاقی ٹیکس محتسب کے دائرہ اختیار اور ٹیکس دہندگان کو میسر قانونی سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی ٹیکس محتسب کا ادارہ تاجروں کو مفت اور فوری انصاف فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت حاضر اور کوشاں ہے۔سیشن کے دوران سابق صدر سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور کینو ایسوسی ایشن کے نمائندے چوہدری شعیب احمد بسرا نے سٹیک ہولڈرز کو درپیش مسائل کی نشاندہی کی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریفنڈز کے عمل کو مزید سہل بنایا جائے تاکہ تاجروں کے سرمائے کی گردش متاثر نہ ہو۔تقریب میں ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران اور چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹیز اور کینو ایسوسییشن کے نمائندگان نے شرکت کی۔ سیشن کے اختتام پر سوال و جواب کا دور ہوا جس میں مقامی کاروباری ماحول کو بہتر بنانے اور ٹیکس کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ شوکت محمود نے شرکا کو یقین دلایا کہ ان کی شکایات کو اعلیٰ حکام تک پہنچایا جائے گا اور ٹیکس دہندگان کے حقوق کا ہر سطح پر تحفظ کیا جائے گا۔