سری لنکا منافع بخش سرمایہ کاری کیلئے بہترین ملک ہے ،دونوں ممالک کو مشترکہ منصوبے شروع کرنے چاہیئیں،ہائی کمشنرسری لنکا

سری لنکا منافع بخش سرمایہ کاری کیلئے بہترین ملک ہے ،دونوں ممالک کو مشترکہ منصوبے شروع کرنے چاہیئیں،ہائی کمشنرسری لنکا

فیصل آباد۔ 22 مئی (اے پی پی):سیاسی اور معاشی استحکام نے سری لنکا کو منافع بخش سرمایہ کاری کیلئے بہترین ملک بنا دیا ہے تاہم چونکہ پاکستان اور سری لنکا کی برآمدات یکساں ہیں اس لئے ہمیں مشترکہ منصوبے شروع کرنے پر توجہ دینا ہو گی۔ یہ بات سری لنکا کے ہائی کمشنر رئیر ایڈمرل (ر) فریڈ سینی ویراتنے نے آج فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے گزشتہ ادوار میں کرپشن، بدا نتظامی اور معاشی مشکلات کا ذکر کیا اور کہا کہ موجودہ صدر انورا کمارادیسایکے نے اپنی کامیابی کے بعد اِن بحرانوں پر کامیابی سے قابو پالیا ہے اور اب یہاں کھلے دل سے سرمایہ کاری کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے مینو فیکچرنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیاحت، زراعت، فوڈ پروسیسنگ، تعمیرات اور رئیل اسٹیٹ کے شعبوں کا خاص طور پر ذکر کیا اور کہا کہ سری لنکامیں بارہ نئے اسپیشل ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز قائم کئے جارہے ہیں جبکہ فری ٹریڈ ایگریمنٹ کی وجہ سے سری لنکا سے جنوبی ایشیا کے مختلف ملکوں کو برآمدات بھی کی جا سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سری لنکا کا ہائی کمیشن اس سلسلہ میں فیصل آباد کے برآمدکنندگان کو ہر ممکن سہولتیں مہیا کرے گا۔ اس موقع پرڈپٹی ہائی کمشنر مسٹر اے کرسٹی روبن نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ فیصل آباد کے درآمد اور برآمد کنندگان کو سری لنکا میں ہونے والے ایکسپو میں شرکت کرنی چاہیے جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان فضائی اور بحری رابطوں کو بڑھانے کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سری لنکا کا قومی ایکسپو آئندہ سال 14سے 17جنوری تک کولمبو میں ہو رہاہے جس کے بارے میں مزید معلومات فیصل آباد چیمبر سے شیئر کی جائیں گی۔ نائب صدر انجینئر عاصم منیر کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فیصل آباد سے کولمبو کے درمیان ہفتہ وار کم از کم دو پروازیں چلائی جا سکتی ہیں تاہم یہ فیصلہ دو طرفہ بنیادوں پر ہوگا۔

انہوں نے صدر فیصل آباد چیمبر فاروق یوسف شیخ کو سری لنکا کیلئے تجارتی وفد تشکیل دینے کی پیشکش کی اور کہا کہ وہ اُن کی بزنس ٹو بزنس میٹنگز کرانے اور دیگر ضروری سہولتیں مہیا کرنے کے علاوہ وفد کی تفریحی مقامات کی سیر کا بھی بندوبست کر سکتے ہیں۔قبل ازیں فیصل آبا چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے خیر مقدمی کلمات میں فیصل آباد اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کا تعارف پیش کیا اور کہا کہ فیصل آباد ملک کی ٹیکسٹائل کی مجموعی برآمدات میں 60فیصد کا گرانقدر حصہ ڈال رہا ہے جبکہ محاصل کی وصولیوں میں بھی اس کا دوسرا نمبر ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں عالمی معیار کے تعلیمی ادارے موجود ہیں جن میں زرعی یونیورسٹی اور نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی شامل ہیں۔صدر چیمبر نے کہا کہ فیصل آباد میں جدید صنعتی انفراسٹرکچر کے حامل ایم تھری انڈسٹریل سٹی اور علامہ اقبال اسپیشل اکنامک زون قائم ہیں جہاں جدید صنعتی یونٹس کام کر رہے ہیں۔ یہ ادارے نہ صرف قومی برآمدات میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ لاکھوں افراد کو روزگار بھی فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کی صنعت صرف ٹیکسٹائل تک محدود نہیں رہی بلکہ متعدد نئے شعبے بھی تیزی سے ترقی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر اس شہر کی کاروباری برادری کا واحد منتخب نمائندہ ادارہ ہے جس کے 22 ہزار سے زائد ممبران 128 مختلف شعبوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔صدر چیمبر نے مزید کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم تقریباً 436 ملین ڈالر ہے جبکہ اس میں اضافے کی بھرپور گنجائش موجود ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی سری لنکا کو برآمدات تقریباً 370 ملین ڈالر جبکہ درآمدات 60 ملین ڈالر ہیں۔ پاکستان سری لنکا کو کاٹن یارن، فیبرکس، ریڈی میڈ گارمنٹس، ہوم ٹیکسٹائل، ادویات، سیمنٹ، چاول، آلو، سرجیکل آلات، کیمیکلز اور معدنی مصنوعات برآمد کرتا ہے جبکہ سری لنکا سے چائے، قدرتی ربڑ، ناریل کی مصنوعات، قیمتی پتھر، مچھلی اور دیگر اشیاء درآمد کی جاتی ہیں۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آزاد تجارتی معاہدے (ایم ٹی اے ) اور بہترین تعلقات کے باوجود دوطرفہ تجارت 2018ء میں 504.5 ملین ڈالر کی بلند ترین سطح کو چھونے کے بعد کم ہوئی۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کو تجارتی وفود کے تبادلوں، جوائنٹ وینچرز اور تجارتی رکاوٹوں کے خاتمے کے ذریعے باہمی تجارت کو مزید فروغ دینا چاہیے۔سوال و جواب کی نشست میں سابق ایگزیکٹو ممبر محمد طیب، شیخ محمد فاضل نے حصہ لیا اور کہا کہ فیصل آباد ملک کی سب سے بڑی کنزیومر مارکیٹ ہے۔ فیصل آباد کے تاجر چائے اور کھوپرا سمیت بہت سے مصالحے سری لنکا سے درآمد کرتے ہیں مگر اُن کا معیار تسلی بخش نہیں جسے بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ آخر میں سینئر نائب صدر نوید اکرم شیخ نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ صدر فاروق یوسف شیخ نے ہائی کمشنر مسٹر فریڈ سینی ویراتنے کو فیصل آباد چیمبر کی گولڈن جوبلی تقریبات کے سلسلہ میں خصوصی کالر پن لگائی اور شیلڈ پیش کی۔ بعد ازاں سری لنکا کے ہائی کمشنر نے چیمبر کی مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔