سعودیہ میں پاکستانی فوڈایکسپورٹرز کی زبردست پذیرائی،مشترکہ سرمایہ کاری کے امکانات روشن ہیں، سیف الرحمان

لاہور۔1مارچ (اے پی پی):پاکستان فوڈ ایکسپورٹرز کے وفد کو جدہ کے دورے پر سعودی ہم منصبوں کی جانب سے فوڈ سیکٹر خصوصا تیزی سے ترقی کرتے اسنیکس کے شعبے میں مشترکہ تعاون و سرمایہ کاری کے لیے غیر معمولی مثبت ردِعمل ملا ہے۔ جدہ سے موصول ہونے والے ایک پیغام میں وفد کے سربراہ اور فیڈرل ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر سیف الرحمن نے بتایا کہ اس دورے نے باہمی تعاون …

لاہور۔1مارچ (اے پی پی):پاکستان فوڈ ایکسپورٹرز کے وفد کو جدہ کے دورے پر سعودی ہم منصبوں کی جانب سے فوڈ سیکٹر خصوصا تیزی سے ترقی کرتے اسنیکس کے شعبے میں مشترکہ تعاون و سرمایہ کاری کے لیے غیر معمولی مثبت ردِعمل ملا ہے۔

جدہ سے موصول ہونے والے ایک پیغام میں وفد کے سربراہ اور فیڈرل ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر سیف الرحمن نے بتایا کہ اس دورے نے باہمی تعاون کے نئے دروازے کھول دیئے ہیں، جو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کی مضبوط زرعی بنیاد، جدید فوڈ پروسیسنگ سہولیات اور حلال سرٹیفائیڈ پیداوار کے نظام کو اپنی اہم طاقتوں کے طور پر اجاگر کیا۔ دوسری جانب سعودی سرمایہ کاروں نے مشترکہ منصوبوں، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور تقسیم کاری (ڈسٹری بیوشن) میں شراکت داری کے ذریعے خلیجی منڈیوں تک رسائی بڑھانے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔

انہوں نے بتایا کہ متعدد کامیاب بزنس ٹو بزنس ملاقاتوں اور نیٹ ورکنگ سیشنز کے دوران سعودی درآمد کنندگان اور سرمایہ کاروں نے پاکستانی صنعت کاروں کے ساتھ شراکت داری میں خاص دلچسپی ظاہر کی، جو معیاری مصنوعات، مسابقتی قیمتوں اور بین الاقوامی فوڈ سیفٹی معیار پر عمل درآمد کے حوالے سے مشہور ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ جاری کامیاب دورہ پاکستان کی فوڈ برآمدات میں نمایاں اضافہ کرے گا، دوطرفہ تجارت کو مضبوط بنائے گا اور تیزی سے ترقی کرتی فوڈ انڈسٹری میں طویل مدتی سٹریٹجک سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرے گا، جس سے خلیجی تعاون کونسل کے ممالک میں پاکستانی مصنوعات کی موجودگی مزید مستحکم ہوگی۔