سعودی درآمد کنندگان پاکستانی غذائی مصنوعات کی درآمد میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں، سیف الرحمان

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کا دورہ کرنے والے پاکستانی فوڈ وفد کو سعودی کاروباری حلقوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی ہے، جبکہ سعودی درآمد کنندگان نے پاکستانی معیاری غذائی مصنوعات کی درآمد میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے

لاہور۔30اگست (اے پی پی):سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کا دورہ کرنے والے پاکستانی فوڈ وفد کو سعودی کاروباری حلقوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی ہے، جبکہ سعودی درآمد کنندگان نے پاکستانی معیاری غذائی مصنوعات کی درآمد میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ وفد کے سربراہ سیف الرحمان نے اتوار کو بتایا کہ سعودی عرب کی بڑھتی ہوئی صارف مارکیٹ پاکستانی فوڈ ایکسپورٹرز کے لیے وسیع مواقع فراہم کرتی ہے۔ وفد نے معروف درآمد کنندگان، ڈسٹری بیوٹرز، ریٹیلرز اور کاروباری گروپس سے ملاقاتیں کیں اور پاکستانی فوڈ پراسیسنگ کی صلاحیتوں اور مسابقتی برآمدی استعداد سے آگاہ کیا۔ سعودی کاروباری حلقوں نے پاکستانی چاول، پھلوں، سبزیوں، پراسیسڈ فوڈز، ضیا اسنیکس اور دیگر ویلیو ایڈڈ مصنوعات میں خصوصی دلچسپی ظاہر کی۔ دونوں جانب سے براہ راست کاروباری روابط، دوطرفہ تجارت کے فروغ اور پائیدار تجارتی شراکت داریوں کے قیام پر بھی تبادلہ خیال کیا۔