سعودی عرب،متحدہ عرب امارات اورخلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں جاری مالی سال کے دوران اضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔
سعودی عرب،متحدہ عرب امارات اورخلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں اضافہ
اسلام آباد۔26مارچ (اے پی پی):سعودی عرب،متحدہ عرب امارات اورخلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں جاری مالی سال کے دوران اضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے 8ماہ میں سعودی عرب،متحدہ عرب امارات اورخلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 14.136ارب ڈالرزرمبادلہ ملک ارسال کیاہے جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 7.44فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سعودی عرب،متحدہ عرب امارات اورخلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 13.157ارب ڈالرزرمبادلہ ملک ارسال کیاتھا، مالی سال کے پہلے 8ماہ میں سعودی عرب سے ترسیلات زرکاحجم 6.168ارب ڈالر، متحدہ عرب امارات 5.443ارب ڈالراورکویت،قطر،بحرین سمیت خلیج تعاون کونسل کے دیگررکن ممالک سے ترسیلات زرکاحجم 2.525ارب ڈالرریکارڈکیاگیاہے۔
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سعودی عرب سے ترسیلات زرکاحجم 5.897ارب ڈالر،یواے ای 4.863ارب ڈالراورخلیج تعاون کونسل کے دیگرممالک سے ترسیلات زرکاحجم 2.397ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔مالی سال کے پہلے 8ماہ میں ملک کی مجموعی ترسیلات زرکاحجم 26.48ارب ڈالرریکارڈکیاگیاہے جس میں سعودی عرب،متحدہ عرب امارات اورخلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کی ترسیلات زرکاتناسب 53.38فیصدکے قریب ہے۔گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سمندرپارپاکستانیوں کی مجموعی ترسیلات زرکاحجم 23.967ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھاجس میں سعودی عرب،متحدہ عرب امارات اورخلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زرکاحجم 13.157ارب ڈالرریکارڈکیاگیا،گزشتہ سال ملک کی مجموعی ترسیلات زرمیں سعودی عرب،متحدہ عرب امارات اورخلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کی ترسیلات زرکاتناسب 54.90فیصدرہاتھا۔









