سعودی عرب کا پاکستان کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ
سعودی عرب کا پاکستان کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔24ستمبر (اے پی پی):پاکستان میں سعودی عرب کے ناظم الامور نائف بن ملافخ نے بدھ کو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک خطے میں امن، سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے مشترکہ عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔وہ سعودی عرب کے 96ویں قومی دن کے موقع پر منعقدہ استقبالیہ سے خطاب کر رہے تھے، جس میں قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق، وفاقی وزراء، ارکان پارلیمنٹ، سیاستدانوں، سفارتی نمائندوں، علماء و مشائخ، ماہرین تعلیم، میڈیا نمائندگان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
معزز مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے سعودی ناظم الامور نے سعودی سفارتخانے کی جانب سے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، سعودی حکومت اور عوام کو قومی دن کے موقع پر مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ قومی دن محض ایک تاریخی واقعے کی یاد منانے کا موقع نہیں بلکہ ایک ایسی قوم کے سفر کو یاد کرنے کا موقع بھی ہے جو مملکت کے بانی شاہ عبدالعزیز بن عبدالرحمن آل سعود کی قیادت میں متحد ہوئی اور بعد ازاں تعمیر و ترقی، جدیدیت اور قومی خوشحالی کے مختلف مراحل سے گزرتے ہوئے آج ایک مضبوط اور بااثر ریاست بن چکی ہے۔اس سال کے قومی دن کے شعار "عزّنا بطبعنا” کا حوالہ دیتے ہوئے نائف بن ملافخ نے کہا کہ یہ شعار سعودی معاشرے کی ان گہری اقدار کی عکاسی کرتا ہے جن میں سخاوت، شجاعت، وفاداری، اصالت، حسن سلوک اور عزم و حوصلہ نمایاں ہیں۔انہوں نے سعودی وژن 2030 کے تحت مملکت کی ترقی اور جدیدکاری کی کامیابیوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ پُرعزم پروگرام سعودی معیشت کو متنوع بنانے اور عالمی سطح پر مملکت کے مقام کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔سعودی ناظم الامور نے عرب اور اسلامی دنیا میں سعودی عرب کے کردار کو بھی اجاگر کیا اور کہا کہ مملکت امت مسلمہ کے مسائل کی حمایت اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔
پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کی مضبوطی صرف ان کی دیرینہ تاریخ تک محدود نہیں بلکہ دونوں ممالک بدلتے ہوئے عالمی حالات اور نئے چیلنجز کے مطابق اپنی شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کو گہرے برادرانہ رشتوں میں بندھے ہوئے ممالک قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک سیاسی مفاہمت، باہمی اعتماد اور علاقائی امن و سلامتی کے مشترکہ عزم کی بنیاد پر اپنی شراکت داری کو مزید وسیع اور اسٹریٹجک بنانے کی جانب ثابت قدمی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔نائف بن ملافخ نے بالخصوص 2025 میں سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان طے پانے والے اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے نے دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات میں ایک نئی اسٹریٹجک جہت کا اضافہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان گہرے باہمی اعتماد کی عکاسی کرتا ہے اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کی توثیق کرتا ہے۔انہوں نے سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مکہ مکرمہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ کا بھی حوالہ دیا اور اسے برادر ممالک کے درمیان یکجہتی کے فروغ، اجتماعی سلامتی و دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے اور خطے میں استحکام کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔
اختتام پر سعودی ناظم الامور نے قومی دن کی تقریب میں شرکت کرنے پر تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور دعا کی کہ سعودی عرب مسلسل امن، سلامتی، استحکام اور خوشحالی کی نعمتوں سے فیض یاب ہوتا رہے۔انہوں نے پاکستان اور اس کے عوام کی سلامتی و خوشحالی کے لیے بھی دعا کی اور امید ظاہر کی کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون ہر گزرتے سال کے ساتھ مزید وسعت اختیار کرے گا۔







