بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد بن سعد الاحمد نے مالی مشکلات کا سامنا کرنے والے طلبہ کی فیس کی ادائیگی کے لیے سعودی عملے کی جانب سے شروع کئے گئے معاونتی اقدام کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے
سعودی عملے کا مستحق طلبہ کیلئے معاونتی اقدام قابل ستائش ہے، صدر اسلامی یونیورسٹی

مزید خبریں
اسلام آباد۔28ستمبر (اے پی پی):بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد بن سعد الاحمد نے مالی مشکلات کا سامنا کرنے والے طلبہ کی فیس کی ادائیگی کے لیے سعودی عملے کی جانب سے شروع کئے گئے معاونتی اقدام کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔یونیورسٹی کے سعودی عملے کی جانب سے 1448 ہجری/2026ء کے تعلیمی سال کے دوران 60 طلبہ و طالبات کی تعلیمی فیس کی ادائیگی کے لیے مجموعی طور پر 19 لاکھ روپے کا تعاون فراہم کیا گیا۔ صدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی نے سعودی عملے کے اس اقدام کو سماجی ذمہ داری اور طلبہ کی معاونت کے جذبے کی عمدہ مثال قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے مستحق طلبہ کو اپنی تعلیم جاری رکھنے اور تعلیمی سرگرمیوں پر توجہ مرکوز کرنے کا موقع ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کاوشیں مالی معاونت سے بڑھ کر یونیورسٹی برادری میں باہمی تعاون، مشترکہ ذمہ داری اور وابستگی کے جذبات کو فروغ دیتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی عملے کا یہ اقدام سعودی عرب اور پاکستان کے عوام کے درمیان برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور تعلیم و معاشرے کی خدمت کے لیے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان مضبوط روابط کی عملی مثال ہے۔ انہوں نے سعودی عملے کے ارکان اور اس اقدام کی کامیابی میں تعاون کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کے اقدامات جاری رہیں گے جن سے طلبہ کی زندگیوں پر مثبت اور دیرپا اثرات مرتب ہوں گے اور یونیورسٹی کے تعلیمی و سماجی مشن کو مزید تقویت ملے گی۔








