سموگ ایک شدید ماحولیاتی اور انسانی صحت کا مسئلہ ہے، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت اوکاڑہ

ضلع اوکاڑہ کی تینوں تحصیلوں اور دیہی علاقوں میں کاشتکاروں و کسانوں کو دھان کی باقیات کی تلفی اور سموگ کے تدارک کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جا رہی ہے

اوکاڑہ۔ 02 اکتوبر (اے پی پی):ضلع اوکاڑہ کی تینوں تحصیلوں اور دیہی علاقوں میں کاشتکاروں و کسانوں کو دھان کی باقیات کی تلفی اور سموگ کے تدارک کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ اس سلسلے میں معلوماتی لٹریچر اور پمفلٹس بھی بڑے پیمانے پر تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع محمد اعجاز نے کہا ہے کہ سموگ ایک شدید ماحولیاتی اور انسانی صحت کا مسئلہ ہے، جس سے نپٹنے کے لیے زرعی سطح پر احتیاط انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کاشتکاروں پر زور دیا کہ وہ دھان کی باقیات کو آگ لگانے سے مکمل طور پر گریز کریں اور جدید زرعی آلات کا استعمال کرتے ہوئے باقیات کو زمین میں حل کریں۔

محمد اعجاز نے کہا کہ سموگ سے بچاؤ کے لیے دھان کی باقیات کو آگ لگانا قانوناً جرم اور ماحول کے لیے زہرِ قاتل ہے۔ کسان حضرات فصلوں کی باقیات کو جلانے کی بجائے سپر سیڈر اور دیگر جدید آلات کے ذریعے زمین میں تلف کریں۔ سموگ پر قابو پانا صرف حکومت نہیں بلکہ ہم سب کی اجتماعی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید زرعی تکنیک اپنا کر ہم ماحول کو آلودگی سے بچانے کے ساتھ ساتھ اپنی اگلی فصل کی پیداوار بھی بڑھا سکتے ہیں۔

مزید خبریں