سموگ و دھند، کورے اور خشک سردی کے باعث جانوروں کومختلف بیماریوں سے بچانے کیلئے لائیوسٹاک فارمرز کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

فیصل آباد۔ 11 دسمبر (اے پی پی):ملک کے اکثر مقامات پر باران رحمت نہ ہونے،بعض مقامات پرسموگ و دھند، کورے اور خشک سردی کے باعث جانوروں میں منہ کھر اور گل گھوٹو کی بیماری کے حملہ کا خدشہ ہے لہٰذا لائیوسٹاک فارمرز کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہا گیاہے کہ اگر جانوروں میں کسی قسم کی بیماری کی علامات ظاہر ہو ں تو فوری …

فیصل آباد۔ 11 دسمبر (اے پی پی):ملک کے اکثر مقامات پر باران رحمت نہ ہونے،بعض مقامات پرسموگ و دھند، کورے اور خشک سردی کے باعث جانوروں میں منہ کھر اور گل گھوٹو کی بیماری کے حملہ کا خدشہ ہے لہٰذا لائیوسٹاک فارمرز کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہا گیاہے کہ اگر جانوروں میں کسی قسم کی بیماری کی علامات ظاہر ہو ں تو فوری طور پر قریبی ویٹرنری ہسپتال یا ڈسپنسری میں موجود لائیوسٹاک ڈیپارٹمنٹ کے متعلقہ عملہ سے رابطہ کیا جائے تاکہ جانوروں اور مویشیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کرکے مر ض کی علامات کو ختم کرنے اور کسی پیچیدگی سے بچانے میں مدد مل سکے۔

ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسزو محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ کے ترجمان نے بتایاکہ خشک سردی کی وجہ سے بڑے اور چھوٹے جانوروں میں گل گھوٹو، منہ کھر اور انتڑیوں کی بیماری پھیلنے کے خدشات بھی بڑھ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح خشک سردی انسانوں کو متاثر کرتی ہے اسی طرح جانور بھی اس سے متاثر ہو تے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ تمام ویٹرنری ہسپتالوں اور ڈسپنسریوں میں متعلقہ ادویات اور حفاظتی ویکسین کے ٹیکے مطلوبہ ضرورت کے مطابق موجود ہیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ لائیوسٹاک فارمرز اس سلسلہ میں کسی غفلت کا مظاہر ہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کی معلومات، رہنمائی یا مشاورت کیلئے محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ کی ہیلپ لائن سے بھی رابطہ کیا جا سکتاہے۔