سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) اور سندھ انٹرپرائز ڈویلپمنٹ فنڈ نے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کے اقتصادی ترقی کے وژن کے مطابق مائیکرو، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی ترقی اور انہیں مالی وسائل تک بہتر رسائی فراہم کرنے کے لیے باہمی تعاون کے مختلف امکانات پر تبادلہ خیال کیا
سمیڈااور سندھ انٹرپرائز ڈویلپمنٹ فنڈ کے اعلی حکام کے درمیان کاروباری اداروں کی ترقی بارے اجلاس

مزید خبریں
لاہور۔4اگست (اے پی پی):سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) اور سندھ انٹرپرائز ڈویلپمنٹ فنڈ نے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کے اقتصادی ترقی کے وژن کے مطابق مائیکرو، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی ترقی اور انہیں مالی وسائل تک بہتر رسائی فراہم کرنے کے لیے باہمی تعاون کے مختلف امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔اس حوالے سے دونوں اداروں کے اعلی حکام کے درمیان سمیڈا کے مقامی دفتر میں اجلاس منعقد ہوا۔ترجمان سمیڈا کےمطابق سمیڈا ٹیم کی قیادت چیف ایگزیکٹو آفیسر نادیہ جہانگیر سیٹھ نے کی، وفد میں جنرل منیجر راجہ حسنین جاوید، جنرل منیجر (مائیکرو انٹرپرائز) اشفاق احمد اور ڈپٹی جنرل منیجر فرح یاسر شامل تھیں۔ سندھ انٹرپرائز ڈویلپمنٹ فنڈ کے وفد میں چیف ایگزیکٹو آفیسر خضر پرویز اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر گوہر خضر شامل تھے۔
اس موقع پر سمیڈا کی چیف ایگزیکٹو آفیسر نادیہ جہانگیر سیٹھ نے کہا کہ وزیرِ اعظم کی ہدایات پر سمیڈا کی جانب سے تیار کردہ بزنس پلان میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے مالی وسائل تک رسائی کو بہتر بنانا ایک اہم سٹریٹجک ترجیح ہے، جس پر وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی نگرانی میں عملدرآمد جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ سمیڈا ایم ایس ایم ایز کی بینک ایبلٹی بہتر بنانے اور انہیں باضابطہ مالیاتی اداروں سے قرضوں کے حصول کے قابل بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ سمیڈا صرف پالیسی سازی تک محدود نہیں بلکہ ایسے عملی اقدامات پر کام کر رہی ہے جن کے ذریعے کاروباری افراد کو مالیاتی خواندگی، کاروبار کی رجسٹریشن اور مشاورتی معاونت فراہم کرکے بینکوں سے قرض حاصل کرنے کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سمیڈا جلد ہی ملک بھر میں ایس ایم ایس فنانسنگ ہیلپ ڈیسک قائم کرے گی، جہاں کاروباری افراد کو قرض کے حصول کے لیے تیاری کروائی جائے گی۔
انہوں نے کہاکہ سندھ انٹرپرائز ڈویلپمنٹ فنڈ جیسے اداروں کے ساتھ شراکت داری سے ہم اپنی خدمات کہیں زیادہ تعداد میں ایم ایس ایم ایز تک پہنچا سکیں گے اور کاروباری ترقی کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔سندھ انٹرپرائز ڈویلپمنٹ فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خضر پرویز نے کہا کہ ان کا ادارہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں، بالخصوص خواتین کاروباری شخصیات کو تکنیکی اور مالی معاونت فراہم کرتا ہے اور رعایتی شرائط پر صنعتی اراضی کی فراہمی میں بھی سہولت دیتا ہے۔ انہوں نے سمیڈا کے ساتھ قریبی تعاون میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ادارے مشترکہ اہداف کے حصول اور حکومت کی جانب سے مالی وسائل تک رسائی بڑھانے کی کوششوں میں موثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے سندھ میں پنجاب کی آسان کاروبار سکیم کے طرز پر ایک پروگرام متعارف کرانے کے امکان کا بھی ذکر کیا اور سمیڈا کے مجوزہ ایس ایم ایس فنانسنگ ہیلپ ڈیسک کے قیام میں تعاون کا بھی یقین دلایا۔اجلاس کے دوران سمیڈا کی ٹیم نے وفد کو مالی شمولیت کے فروغ کے لیے جاری اقدامات پر بریفنگ دی۔اجلاس کے اختتام پر دونوں اداروں نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں مشترکہ طور پر کام کرنے پر اتفاق کیا۔








