سمیڈا اور عالمی ادارہ محنت کاچھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں اور کارکنوں کو روائتی معیشت میں شامل کرنے کے قومی روڈمیپ پر پیش رفت کا جائزہ

سمیڈا اور عالمی ادارہ محنت کاچھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں اور کارکنوں کو روائتی معیشت میں شامل کرنے کے قومی روڈمیپ پر پیش رفت کا جائزہ

اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):سمیڈا اور عالمی ادارہ محنت (آئی ایل او) نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز)اور کارکنوں کو روائتی معیشت میں شامل کرنے کے قومی روڈمیپ پر پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے منصوبے کی تکمیل کے بعد اس پر مربوط ادارہ جاتی عملدرآمد جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔اس حوالے سے ٹیکنیکل ورکنگ گروپ (ٹی ڈبلیو جی) کا تیسرا اور آخری اجلاس وزارتِ صنعت و پیداوار کی ایڈیشنل سیکرٹری اول حمیرا ضیا مفتی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں آئی ایل او کی مالی معاونت سے ’’ایس ایم ایز اور ورکر فارملائزیشن اینڈ جسٹ ٹرانزیشن‘‘ منصوبے کی کامیابیوں، قومی روڈمیپ پر پیش رفت اور آئندہ کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔حمیرا ضیا مفتی نے قومی روڈمیپ کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسے مربوط ادارہ جاتی کوششوں کے ذریعے آگے بڑھایا جائے تاکہ منصوبے کے دوران ہونے والے کام کو ایس ایم ایز اور کارکنوں کے لیے عملی اور پائیدار نتائج میں تبدیل کیا جا سکے۔سمیڈا کے جنرل منیجر پالیسی اینڈ ایکو سسٹم شہریار طاہر نے قومی روڈمیپ کی تیاری کے لیے کیے گئے مشاورتی عمل، منصوبے کی سرگرمیوں اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی۔

انہوں نے کہا کہ روڈمیپ کاروباری اداروں اور کارکنوں کو رسمی معیشت میں شامل کرنے، کام کے حالات بہتر بنانے اور ایس ایم ایز کی جامع و پائیدار ترقی کے لیے مربوط اقدامات کا فریم ورک فراہم کرتا ہے۔آئی ایل او کے نمائندے نعیم انصاری نے بتایا کہ منصوبے کے تمام تکنیکی اہداف اور مطلوبہ نتائج مکمل کر لیے گئے ہیں، جن میں قومی روڈمیپ کی تیاری اور اجراء بھی شامل ہے، جس کی ٹیکنیکل ورکنگ گروپ نے منظوری دے دی ہے۔ آئی ایل او نے 30 ستمبر 2026 کو منصوبے کی باضابطہ تکمیل کا اعلان کیا،قومی روڈمیپ میں متعلقہ سرکاری اداروں اور اسٹیک ہولڈرز کے لیے آئندہ اقدامات کا عملدرآمدی میٹرکس شامل ہے۔ اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ منصوبے کی تکمیل ایس ایم ایز اور کارکنوں کی رسمی معیشت میں شمولیت کے لیے پائیدار ادارہ جاتی اقدامات کے نئے مرحلے کا آغاز ہے۔

مزید خبریں