سمیڈا کی تاریخ میں پہلی بار14تجارتی شہروں میں ایم ایس ایم ایز کی ترقی پر مباحثوں کا انعقاد

سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا ) کی تاریخ میں پہلی بار مائیکرو، سمال اور میڈیم انٹرپرائزز کے عالمی دن کے موقع پر بیک وقت ملک کے 14 بڑے تجارتی شہروں میں ایم ایس ایم ایز کیلئے حکومت کے معاونتی پروگراموں پر آگاہی نشستوں کا انعقاد کیا گیا جن میں سمیڈا کے بورڈ ممبران عثمان خان، آسیہ سائل ، اسرار خان کاکڑ، پروفیسر ظہور، عثمان سیف اللہ، عفت ملک …

لاہور۔28جون (اے پی پی):سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا ) کی تاریخ میں پہلی بار مائیکرو، سمال اور میڈیم انٹرپرائزز کے عالمی دن کے موقع پر بیک وقت ملک کے 14 بڑے تجارتی شہروں میں ایم ایس ایم ایز کیلئے حکومت کے معاونتی پروگراموں پر آگاہی نشستوں کا انعقاد کیا گیا جن میں سمیڈا کے بورڈ ممبران عثمان خان، آسیہ سائل ، اسرار خان کاکڑ، پروفیسر ظہور، عثمان سیف اللہ، عفت ملک اور مشہود خان نے ایس ایم ایز کے لیے فراہم کئے گئے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔

ترجمان کے مطابق ان تشستوں میں شریک مائیکرو ، سمال اور میڈیم انٹرپرائزز کی بڑی تعداد کو بتا یا گیا کہ وزیر اعظم محمد شہبازشریف کی ہدایت پرپہلی بار پاکستان میں مائیکرو سطح کے کاروباروں کو بھی ان تمام سہولتوں کا اہل قرار دے دیا گیا ہے جو قبل ازیں ایس ایم ای پالیسی کے تحت صرف سمال اور میڈیم انٹرپرائزز کو حاصل تھیں، مائیکرو سطح کے کاروباروں کو پالیسی کا حصہ بنانے کیلئے ایس ایم ای کی تعریف کو بھی تبدیل کر دیا گیا ہے۔

مذکورہ سیشنز میں شرکاء کو یہ بھی بتا یا گیا کہ پاکستان کی کثیر آبادی جو کہ نوجوانوں اور عورتوں پر مشتمل ہے ،اسے کاروبار میں لانے کیلئے متعدد ترغیبات وضع کی جا چکی ہیں۔14 شہروں میں ہونے والے مزکورہ اجتماعات متعلقہ ایوانہائے صنعت و تجارت کے اشتراک سے منعقد کئے گئے جن میں لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد، گوجرانوالا،سیا لکوٹ، راولپنڈی، گجرات، ملتان ، سرگودھا، ایبٹ آباد، حیدرآباد، دادو، سکھر اور میر پور شامل ہیں۔

ان شہروں میں ایک ہی وقت پر ہونے والے انٹر ایکٹو سیشنز میں سمیڈا حکام نے ان پروگراموں کی تفصیل بیان کی جو وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے ترقیاتی ویژن کے تحت وزارت صنعت وپیداوار کی قیادت میں قومی معیشت کے اندر مائیکرو، سمال اور میڈیم انٹرپرائزز کے کردار کو فعال بنانے کے لئے شروع کیے گئے ہیں۔

اس موقع پرسی ای او سمیڈا نادیہ جہانگیر سیٹھ نے جاری اپنے ملک گیر پیغام میں کہا کہ سمیڈا، وزارت صنعت و پیداوار اور بورڈ کے ممبران کی جانب سے طے کردہ اسٹریٹجک سمت کے تحت، تین سالہ کاروباری منصوبے پر کام کر رہی ہے جس میں فنانس تک رسائی کو بڑھانے، کاروبار کو باقاعدہ بنانے، برآمدات، سب کنٹریکٹنگ اور ویمن انٹرپرینیورشپ کے فروغ پر خوصی توجہ دی جا رہی ہے۔