حیدرآباد۔ 04 جولائی (اے پی پی):سندھ زرعی یونیورسٹی، ٹنڈوجام کی زیرمیزبانی پہلا تین روزہ فیملی مینگو فیسٹیول اور نمائش جمعہ سے کراچی میں پاکستان میری ٹائم میوزیم میں شروع ہوگی، اس ایونٹ کا انعقاد پاکستان میری ٹائم میوزیم، ٹی سی این ایگزیکٹو فورم، اور مختلف اداروں اور فارموں کے تعاون سے کیا گیا ہے۔ افتتاحی تقریب جمعہ کی شام کو منعقد ہوگی۔
فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں سی او ایم کے اے آر، پاکستان نیوی مہمان خصوصی ہیں، جبکہ کلیدی شرکا میں سندھ ایگریکلچر یونیورسٹی، ٹنڈوجام کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح مری اور بیگم نصرت بھٹو ویمن یونیورسٹی، سکھر کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر تہمینہ منگن شامل ہیں۔افتتاحی تقریب کے دوران، سرکاری اور نجی شعبے کی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز، ٹی سی این ایگزیکٹو فورم کے اراکین، ای پی سی سی آئی کراچی کے صدر، ٹی ڈی اے پی کے چیف ایگزیکٹو، سمیت اہم شراکت دار ڈائریکٹر جنرل ایگریکلچر ریسرچ سندھ، ڈائریکٹر ایگریکلچر ایکسٹینشن، چیئرمین سیڈا، ترقی پسند کسان، اور مختلف معاونین معزز مہمان ہوں گے۔
فیسٹیول کے دوسرے دن کی تقریبات کا آغاز شام 5 بجے ربن کاٹنے کی تقریب اور نمائش کے دورے کے ساتھ ہوگا۔ تقریب میں سندھ کے وزیر برائے زراعت فراہمی و قیمتیں، سردار محمد بخش مہر، وزیر برائے یونیورسٹیز اور بورڈز ڈپارٹمنٹ، محمد علی ملکانی، اور چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن، اسلام آباد، ڈاکٹر مختار احمد شرکت کریں گے۔اس کے علاوہ، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، سیکرٹری یونیورسٹیز اور بورڈز ڈپارٹمنٹ، حکومت سندھ، سیکرٹری زراعت فراہمی و قیمتیں، حکومت سندھ، سرکاری اور نجی شعبے کی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز، ڈی جی ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی، اور سندھ انٹرپرائز ڈیولپمنٹ فنڈ کے سی ای او بھی موجود ہوں گے۔
شرکا نمائش میں لگائے گئے اسٹالز کا دورہ کریں گے ۔آم پر پوسٹر پریزنٹیشن کے بعد ایک جامع تکنیکی سیشن ہوگا، جس میں آم کی کاشت کے طریقے ،پیکجنگ اور نقل و حمل، اور پاکستانی آم کی برآمدی استعداد پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔اس موقع پر سندھ، پاکستان میں آم کی کاشت کی صلاحیت، چیلنجز، اور مواقع پر ایک پینل ڈسکشن پروفیسر ڈاکٹر محمد اسماعیل کمبھر، ڈائریکٹر یونیورسٹی ایڈوانسمنٹ اینڈ فنانشل اسسٹنس، کی میزبانی میں ہوگا، جس میں سید محمود نواز شاہ، صدر سندھ آبادگار بورڈ، ایم ایچ پنہور فارمز کے ایم ڈی، غلام سرور پنہور، درانی فارمز کے سی ای او، آغا ظفر اللہ درانی، یوسفانی ایگریکلچر فارم ٹنڈو اللہ یار کے ڈاکٹر ذوالفقار یوسفانی، سندھ چیمبر آف ایگریکلچر کے نبی بخش سٹھیو، اور ڈائریکٹر ایڈوانسڈ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ، ڈاکٹر مبین لودھی شرکت کریں گے۔
یہ فیسٹیول آم کی مصنوعات، آم کی گرافٹنگ کے تجرباتی اور نمائش والے اسٹالز، سندھ کی ثقافتی اشیاء، اور آرگینک پراڈکٹس کے اسٹال لگائے جائیں گے، اس فیسٹیول کا بنیادی مقصد قومی مصنوعات، بشمول آم، کو فروغ دینا اور شہری سرمایہ کاروں کو زرعی اور خوراکی مصنوعات میں کاروبار اور برآمدی مواقع پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔ یہ ڈاکٹر فتح مری، وائس چانسلر سندھ ایگریکلچر یونیورسٹی، کے عزم کے مطابق ہے کہ صنعت اور اکیڈمی کے درمیان روابط کو فروغ دیا جائے۔