سندھ زرعی یونیورسٹی کے 107 زرعی گریجویٹس خصوصی تربیت کے لیے چین پہنچ گئے
سندھ زرعی یونیورسٹی کے 107 زرعی گریجویٹس خصوصی تربیت کے لیے چین پہنچ گئے

مزید خبریں
حیدرآباد۔ 18 اکتوبر (اے پی پی):سندھ زرعی یونیورسٹی کے 107 زرعی گریجویٹس وزیراعظم کے اقدام کے تحت تین ماہ کی خصوصی تربیت حاصل کرنے کے لیے چین پہنچ گئے۔ اس پروگرام کے ذریعے نوجوان زرعی ماہرین کو جدید زرعی ٹیکنالوجی، عملی مہارتوں اور بین الاقوامی تجربات سے استفادہ کرنے کا موقع ملے گا جو پاکستان میں زراعت کی ترقی اور جدید خطوط پر استوار کرنے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔
سندھ زرعی یونیورسٹی نے امیدواروں کی تیاری، تربیتی مراحل اور جانچ کے عمل میں اہم کردار ادا کیا جس کے نتیجے میں سندھ کے لیے مختص کوٹے سے مکمل استفادہ ممکن ہوا اور 107 اہل گریجویٹس کو اس بین الاقوامی تربیتی پروگرام میں شرکت کا موقع ملا۔وائس چانسلر سندھ زرعی یونیورسٹی انجینئر پروفیسر ڈاکٹر الطاف علی سیال نے چین جانے والے تمام منتخب گریجویٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے سندھ، پاکستان اور جامعہ کے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نوجوان گریجویٹس چین میں جدید زرعی علوم، ٹیکنالوجی اور عملی تجربات سے بھرپور استفادہ کرکے وطن واپسی پر ملکی زرعی شعبے کی ترقی، پیداوار میں اضافے اور جدید زرعی طریقوں کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
وائس چانسلر نے کہا کہ نوجوان زرعی گریجویٹس کے لیے بین الاقوامی تربیت کا یہ موقع ان کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافے اور پاکستان میں زراعت کے مستقبل کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے اس کامیابی پر جامعہ کے اساتذہ، انتظامی افسران اور معاون عملے کی مشترکہ کاوشوں کو بھی سراہا۔







